ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے پاک فوج ہر اول دستہ کا کردار ادا کر رہی ہے

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام کی نجی ٹی وی سے بات چیت

جمعہ 29 مئی 2020 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے پاک فوج ہر اول دستہ کا کردار ادا کر رہی ہے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ٹڈی دل کی آمد ذرا مختلف ہے جو ایران اور افغانستان سے ہوتے ہوئے پاکستان داخل ہوئی اور واپس نہیں گئی اور بلوچستان سمیت صحرائی علاقوں میں حملہ آور ہوئی۔

انہوںنے کہا کہ ٹڈی دل کی افزائش میں تیزی ہوتی ہے جو ایک جگہ داخل ہونے پر وسیع علاقہ میں پھیل جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارے پاس انتظامات کم تھے تاہم اس مرتبہ فصلوںپر سپرے کے لئے مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں‘ اضافی طیاروں کے ذریعہ سپرے کیا جارہا ہے‘ عوام اور پاک فوج مل کر مربوط طریقہ سے ٹڈی دل کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی 1100ٹیمیں پاک فوج کے جوانوں، این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے فصلوں پر سپرے اور آپریشن کر رہی ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ عالمی ادارہ خوراک وزراعت (ایف اے او) عالمگیر سطح پر ٹڈی دل کی مانیٹرنگ کررہا ہے جو شمالی امریکہ ،چین، بھارت اور افغانستان تک پھیل چکی ہے ۔