کووڈ۔19 وبائی چیلنج پر قابو پانے کی کوششوں میں برطانیہ کو پاکستان کیساتھ تعاون پر فخر ہے‘ اس مشکل وقت میں برطانیہ پاکستان کیساتھ ہے

برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیاء و دولت مشترکہ لارڈ احمد کا بیان

جمعہ 29 مئی 2020 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیاء و دولت مشترکہ لارڈ احمد نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 وبائی چیلنج پر قابو پانے کی کوششوں میں برطانیہ کو پاکستان کیساتھ تعاون پر فخر ہے‘ اس مشکل وقت میں برطانیہ پاکستان کیساتھ ہے۔ جمعہ کو برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لارڈ احمد نے کہا کہ غریب ترین اور انتہائی کمزور طبقات بالخصوص امتیازی سلوک سے دو چار لوگوں کی مدد کر کے ہم کورونا وائرس پر قابو پا اور جانیں بچا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو پاکستان کی حمایت پر فخر ہے اور بین الاقوامی ویکسین ریسرچ میں ہماری سرمایہ کاری اور گلوبل ویکسین الائنس کے ذریعہ ، ہم اس وبائی بیماری کو جلد ختم اور مستقبل میں انفیکشن کی روک تھام میں معاونت کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ پاکستان نے وبائی چیلنج کیخلاف اپنے رد عمل میں بین الاقوامی قیادت کا مظاہرہ کیا ہے، اقتصادی،صحت اور غریب ترین لوگوں کے تحفظ سے متعلق معاملات میں توازن برقرار رکھا۔

انہوں نے کہا مشکل وقت میں دوستوں کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ پاکستان میں برطانوی محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی کے سربراہ انابیل گیری نے کہا کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ ہمیں معاشرے کے سب سے پسماندہ طبقات اور ضرورت مندوں کی مدد کو اولین ترجیح دینا چاہئیے۔ یہی وجہ ہے کہ برطانوی امداد ان خواتین اور بچوں کے لئے ہو گی جنھیں اپنے ہی گھر میں تشدد اور خطرات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔

برطانیہ پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مزید مدد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے اثرات کو کم کرنے کی جنگ میں پاکستان کو مزید امداد فراہم کررہا ہے۔ اس سلسلے میں حال ہی میں پاکستان ہیومینٹیرین پولڈ فنڈ (پی ایچ پی ایف) کے تحت 4.39 ملین پاونڈ کا پیکیج فراہم کیا گیا ہے۔