ْہنگو، پولیس کے ہاتھوں طالبعلم کی مبینہ ہلاکت، روثاء کا لاش مین چوک پر رکھ کر شدید احتجاج

ہفتہ 30 مئی 2020 16:11

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) ہنگو کے نواحی علاقہ دربند کے رہائشی طالب علم نسیم کے پولیس کے ہاتھوں مبینہ قتل کے خلاف ورثاء نے علاقہ مکینوں کے ہمراہ لاش مین چوک ہنگو میں رکھ کر روڈ کو کئی گھنٹے بلاک کرتے ہوئے احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقتول نسیم کے ورثاء محمد سلیم اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ شب کوہاٹ پولیس نے ہنگو سٹی پولیس کے ہمراہ بلاوجہ چھاپہ مار کر نسیم کو گرفتار کرلیا اور بعدازں فائرنگ سے قتل کردیا جبکہ مقتول کی لاش ڈسٹرکٹ ہسپتال ہنگو سے وصول کرنے کی اطلاع کردی گئی۔

ورثاء کا کہناتھا کہ کوہاٹ پولیس کے ہاتھوں بے گناہ نوجوان طالب علم کا بہیمانہ قتل سراسر ظلم زیادتی ہے، حکومت بالخصوص پولیس کے اعلیٰ حکام واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کراتے ہوئے ورثاء کو انصاف فراہم کریں۔ دریں اثناء ضلعی انتظامیہ کے افسران اور علاقہ مشران کا مظاہرین سے مذاکرات کاسلسلہ بھی جاری رہا۔