نواز شریف کی اہل خانہ کے ساتھ تصویر ہمارے نظام کا منہ چڑارہی ہے، فواد چوہدری

تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

ہفتہ 30 مئی 2020 16:53

نواز شریف کی اہل خانہ کے ساتھ تصویر ہمارے نظام کا منہ چڑارہی ہے، فواد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہل خانہ کے ساتھ منظر عام پر آنے والی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی تصویر ہمارے نظام کا منہ چڑارہی ہے۔

(جاری ہے)

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے ایک تصویر شیئر کی جس میں میاں نواز شریف لندن میں اپنی بہو اور پوتی کے ہمراہ دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر کے ساتھ فواد چوہدری نے تحریر کیا کہ یہ تصویر ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے یہ بھی لکھا کہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں۔