پُرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

ماسک پہننے پرعملدرآمد کروایا جائےگا، یہ کسی کیلئے آپشن یا خواہش نہیں ہوگی،لوگ نوٹ کرلیں اب پُرہجوم جگہوں، مساجد، پبلک ٹرانسپورٹ، بازاروں، دکانوں، شاپنگ مالز پر ماسک پہننا لازمی کردیا گیا ہے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 30 مئی 2020 17:03

پُرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مئی 2020ء) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ پُرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے، ماسک پہننے پر عملدرآمد کروایا جائے گا، یہ اب کسی کیلئے آپشن یا خواہش نہیں ہوگی، لوگ نوٹ کرلیں کہ اب پُرہجوم جگہوں ، مساجد ، پبلک ٹرانسپورٹ، بازاروں، دکانوں، شاپنگ مالز پر ماسک پہننا لازمی کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مشیر قومی سلامتی معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 5 لاکھ 32 ہزار ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ پاکستان میں کنفرم مریضو کی شرح 12.4فیصد ہے، پچھلے 24 گھنٹے میں12ہزار20 ٹیسٹ کیے، جس میں2429 مثبت کیسز آئے، یہ شرح 20.4 فیصد بنتی ہے۔ پاکستان میں 36 فیصد کے قریب لوگ مکمل صحت ہوئے ہیں، خاص طور پر ذکر کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان میں اب تک ایک ہزار 395 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

پچھلے 24 گھنٹے میں 78 مریض انتقال کرگئے۔ یہ سب سے زیادہ اموات کا نمبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس مقامی سطح پر تیزی سے پھیل رہا ہے، مقامی وائرس پھیلاؤ کا تناسب 92 فیصد ہوچکا ہے۔مستقبل میں ہمارے ہاں کیسز اور اموات بڑھنے کا امکان ہے۔ پچھلے 24 گھنٹے جو اموات ہوئیں، ان میں ہمارے چار ہیلتھ ورکرز بھی تھے، میں تمام شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔

کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت بڑے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ چیزوں کی نشاندہی کرنا چاہتا ہوں کہ سوشل میڈیا پرکچھ ذمہ دار لوگ بھی غلط پیغام رسانی کرتے ہیں،کل سوشل میڈیا پر ایک نامور عالم کہہ رہا تھا کہ اگر کسی کا مثبت ٹیسٹ آیا توکورونا مریض ہسپتال نہ جائیں، ہسپتال میں اچھا سلوک نہیں کیا جائے گا۔ میں میڈیا اور تجزیہ کاروں سے درخواست کرتا ہوں کہ لوگوں کی رہنمائی کریں، اور خدارا ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

اسی طرح کچھ لوگوں نے ہسپتالوں میں مریضوں کی نگہداشت نہ کرنے پر ہنگامہ آرائی بھی کی، درخواست ہے کہ صبر سے کام لیں، ایسی صورتحال پیدا نہ کریں جس سے سسٹم مسائل کا شکار ہو۔ڈاکٹر ظفر مرزانے کہا کہ جیسے جیسے وباء پھیل رہی ہے، اس کے ساتھ ایس اوپیز پر عمل کرنے کی ضرورت بھی بڑھتی جا رہی ہے، ماسک کا استعمال بہت لازمی ہے۔ چند سیکٹرز اور مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، یہ کسی کیلئے آپشن یا خواہش نہیں ہوگی، بلکہ لازمی ہوگا۔پُرہجوم جگہوں ، مساجد ، پبلک ٹرانسپورٹ، بازاروں، دکانوں، شاپنگ مالز پر ماسک پہننا لازمی ہے۔لوگوں کو چاہیے ان چیزوں کو نوٹس کرلیں۔