پاکستان اسٹاک ایکس چینج :دو دن محدود رہنے والے کاروباری ہفتے میں تیزی کا رجحان

کے ایس ای100انڈیکس 33800پوائنٹس سے بڑھ کر 33900پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، سرمائے میں13ارب سے زائد روپے کا اضافہ

ہفتہ 30 مئی 2020 17:34

پاکستان اسٹاک ایکس چینج :دو دن محدود رہنے والے کاروباری ہفتے میں تیزی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) عید الفطر کی سرکاری تعطیلات کے باعث صرف2دن تک محدود رہنے والے کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 33800پوائنٹس سے بڑھ کر 33900پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں13ارب سے زائد روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جبکہ50.14فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں طویل سرکاری تعطیلات کے باعث سرمایہ کاروں میں نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا تاہم منافع بخش حصص کی خریداری بھی دیکھی گئی جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میںمعمولی تیزی رونما ہوئی ۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس میں94.62پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 33836.61پوائنٹس سے برھ کر33931.23پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 24380.74پوائنٹس سے بڑھ کر 24435.18پوائنٹس پر جا پہنچا تاہم 4.49پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس14747.60پوائنٹس سے کم ہو کر 14743.11پوائنٹس پر آگیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں13ارب 40کروڑ65لاکھ81ہزار888روپے ہو گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 64کھرب 71ارب 56کروڑ14لاکھ72ہزار198روپے سے بڑھ کر64کھرب 84ارب96کروڑ80لاکھ54ہزار86روپے ہو گیا ۔گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس ایک موقع پر34049.17پوائنٹس کی بلند سطح پر دیکھا گیا جبکہ مندی کے سبب انڈیکس33598.61پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا تھا ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 10ارب روپے مالیت کے 23کروڑ 30لاکھ 20ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 7ارب روپے مالیت کے 19کروڑ47لاکھ 42ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر676کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 339کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 293میں کمی اور 44کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،ہیسکول پیٹرول ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،میپل لیف ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،پاک پیٹرولیم ،جہانگیرصدیق کمپنی،پاک الیکٹرون ،ہم نیٹ ورک ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ایونسین لمیٹڈ ،دی سرل کمپنی ،کے الیکٹرک لمیٹڈ اور اینگرو فرٹیلائزر سر فہرست رہے ۔