سرحد چیمبر اور پشاور میں مقیم افغان قونصل جنرل کے درمیان پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ میں درپیش مسائل کے دیرپا حل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے باہمی مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق

ہفتہ 30 مئی 2020 18:52

سرحد چیمبر اور پشاور میں مقیم افغان قونصل جنرل کے درمیان پاک افغان ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پشاور میں مقیم افغان قونصل جنرل کے درمیان پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ میں درپیش مسائل کے دیرپا حل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے باہمی مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق رائے ہوا ہے ۔ یہ اتفاق رائے گذشتہ روزسرحد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر اور پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس سابق سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی کی سربراہی میں چیمبر کے وفد کی افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمد زئی کے ساتھ ملاقات کے دوران ہوا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر احمد شاہ ‘ افغان ٹریڈ اتاشی فواد ارش ‘ ڈپٹی ٹریڈ اتاشی ڈاکٹر حمید اللہ فاضل خیل ‘ فرسٹ سیکرٹری غلام حبیب سپاس اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

سرحد چیمبر کے وفد نے افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمد زئی کو بزنس کمیونٹی ‘ تاجروں ‘ صنعت کاروں ‘ ایکسپورٹرز کے مسائل سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے مختلف تجاویز دیں ہیں جس پر افغان قونصل جنرل اور دیگر شرکاء نے مکمل اتفاق کیا اور کہا کہ پاک افغان باہمی تجارت ٹرانزٹ ٹریڈ میں درپیش مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کے لئے باہمی کوششیں کی جائیں گی۔

سرحد چیمبر کے وفد نے افغان قونصل جنرل اور متعلقہ افسران کو چیمبر میں آنے کی دعوت دی ۔ سرحد چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر اور پاک افغان جائنٹ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر اور فرنٹیئر کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی نے اس موقع پر بتایا ہے کہ پاک افغان طورخم بارڈر کے دوسری جانب 6 ہزار افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے خالی ٹرک کھڑے ہیں جنہیں سرحد چیمبر کی سفارش پر بتدریج بارڈرز سے گزرنے کی اجازت دی جائے گی جس کے تحت 30 مئی ہفتہ کو 1500ٹرک گزرگئے ہیںاور باقی 3500 ٹرانزٹ ٹریڈ کے خالی ٹرک آئندہ ہفتہ تک پاکستان آجائیں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاک افغان باہمی تجارت ‘ ٹرانزٹ ٹریڈ میں درپیش مشکلات کو باہمی کوششوں سے حل کرنے پر اتفاق کیاہے اور کہا ہے کہ پاک افغان طورخم چمن بارڈر کو مستقل بنیادوں پر 24/7 کھلا رکھنے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جس پر افغان قونصل جنرل اور دیگر شرکاء نے عملدرآمد کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔ ضیاء الحق سرحدی نے افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمد زئی کی پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو فروغ دینے کے لئے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ افغان قونصلیٹ کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے دیرینہ مطالبات اور مسائل کے حل کیلئے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔