سراج الحق کاوزر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا

لاک ڈائون اور کرفیو کی وجہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں لاکھوں پاکستانی اپنی رہائشگاہوں میں بند ہیں‘ امیر جماعت اسلامی سفارتخانوں سے رابطہ کر کے انہیں مزید فعال کروں گا، اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی پر عزت کیساتھ مکمل علاج کی سہولت مہیا کی جائیگی‘وزیرخارجہ

ہفتہ 30 مئی 2020 19:35

سراج الحق کاوزر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون،اوورسیز پاکستانیوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفونک کرکے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ٹیلیفونک رابطے کے دوران سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون اور کرفیو کی وجہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں لاکھوں پاکستانی اپنی رہائشگاہوں میں بند ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں روز گار نہ ہونے کی وجہ سے لوگ فاقوں کا شکار ہیں، سعودی عرب اور عرب امارات میں رہائش گاہوں میں سینکڑوں افراد کی موجودگی وبا ء کے پھیلا کا باعث بن رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ بیمار افراد کے لیے ایمبولینس کی سہولت نہیں ہے، ہسپتالوں کے ڈیڈ ہائوسزمیں میتیوں کے رکھنے کی جگہ نہیں ہے، اب تک ایک لاکھ 30 ہزار اوورسیز پاکستانی ٹکٹس کے لیے اپلائی کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان واپسی پر سفر، ٹیسٹ کی سہولت اور گھروں میں قرنطینہ کی اجازت دی جائے۔ سعودی عرب اور دیگر بڑے ممالک میں سفارتخانوں کی طرف سے ہیلپ لائن کا اعلان کیا جائے، 12 ارب روپے میں ایک بڑی رقم اوور سیز پاکستانیوں کے حوالے سے رکھی جائے۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ سفارتخانوں سے رابطہ کر کے انہیں مزید فعال کروں گا، اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی پر ان کو عزت کیساتھ مکمل علاج کی سہولت مہیا کی جائیگی۔ صوبائی حکومتوں کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہیے۔