آئندہ سال گندم کی خرید کا حجم اور طریق کار تبدیل کرینگے، گندم کی خریداری پر بھاری رقم خرچ ہوتی ہے نظر ثانی کرینگے‘ عبد العلیم خان

پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کے خوراک کے محکمے مشترکہ طور پر گندم کی خرید کرینگے، فلور ملزاور سیڈ کمپنیاں جتنی چاہیں گندم خرید سکتی ہیں‘ سینئر وزیر

ہفتہ 30 مئی 2020 19:37

آئندہ سال گندم کی خرید کا حجم اور طریق کار تبدیل کرینگے، گندم کی خریداری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ آئندہ سال گندم کی خرید کا حجم اور طریق کار تبدیل کریں گے، گندم کی خریداری پر بھاری رقم خرچ ہوتی ہے اس پر نظر ثانی کریں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر قانون راجہ محمد بشارت، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک اور دیگر نے شرکت کی جبکہ وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں گندم کی خریداری اور ذخائر میں کامیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک نے اب تک کی صورتحال پر بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ گندم کی بھرپور خریدمتعلقہ محکموں کی مشترکہ کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب صوبے میں خوراک کی جامع پالیسی تشکیل دینے پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال گندم کی خرید کا حجم اور طریق کار تبدیل کریں گے،پنجاب گندم میں خود کفیل ہے، انشا اللہ کوئی قلت نہیں ہوگی،پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کے خوراک کے محکمے مشترکہ طور پر گندم کی خرید کرینگے، فلور ملزاور سیڈ کمپنیاں جتنی چاہیں گندم خرید سکتی ہیں۔ گندم کی خرید پر بھاری رقم خرچ ہوتی ہے، نظر ثانی کریں گے، آئندہ گندم کی خرید کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے۔