مولانا فضل الرحمن کا حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے مقدس مزار کی شرپسند عناصر کے ہاتھوں شہادت پامالی اور بے حرمتی پر شدید غم و غصے کا اظہار

ہفتہ 30 مئی 2020 22:00

مولانا فضل الرحمن کا حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے مقدس مزار کی شرپسند ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے شام کے صوبہ ادلب میں واقع چھٹے خلیفہ اسلام حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے مقدس مزار کی شرپسند عناصر کے ہاتھوں شہادت پامالی اور بے حرمتی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو جاری بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے واقعے سے عالم اسلام کے دل و دماغ لرز اٹھے ہیں، اندوہناک واقعے پر امت مسلمہ کے دل رنجیدہ اور خون کے آنسو رو رہے ہیں۔

اسلامی دنیا اور او آئی سی تنظیم فورا ایکشن لیکر خلیفہ عمر بن عبدالعزیز کے مزار کو اصل حالت میں بحالی یقینی بنائیں اور ذمہ داروں کو عبرت کا نشانہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام مدفون انسانوں کے اجساد و باقیات کی تضحیک کی کسی صورت اجازت نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خلیفہ عادل حضرت عمر بن عبدالعزیز صحابہ کرام کی علامت ، امت کے مجدد اول اور عالم اسلام کی قابل فخر علامت تھے، ان دور حکومت عدل و انصاف اور مساوات کا درخشندہ یادگار تھا ، وہ اہل بیت اور پورے عالم اسلام کے محسن منصف حکمران تھے، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا نے فضل الرحمن نے کہا کہ خلیفہ عمر بن عبدالعزیز کے مزار کی بے حرمتی اور اہلیہ سمیت دیگر کے جسد خاکی کی توہین اور باقیات کو نذر آتش کرنے کیساتھ مزار سے منتقلی انتہائی مذموم اور قبیح فعل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دلخراش واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے مزار کی بے حرمتی پر اسلامی دنیا کے راہنماؤں اور حکمرانوں کو پوری دنیا میں مؤثر احتجاج اور بروقت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ شرپسندوں کے آگے بڑھنے سے قبل بروقت روکے جاسکیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علمائ اسلام عالم اسلام کی طرف سے اٹھائے جانے والے جرات مندانہ اقدامت کو قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔