چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک کی طیارہ حادثہ میں شہید پی آئی اے کارکنان کے اہل خانہ سے ملاقات

پی آئی اے بطور ایک خاندان شہداء کے لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ،جو مدد اور خدمت ممکن ہو سکی وہ شہداء کے اہل خانہ کے لئے انجام دیں گے

ہفتہ 30 مئی 2020 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے لاہور میں پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے پی آئی اے کارکنان کے اہل خانہ سے ملاقات کی ،ان سے تعزیت اور اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوناک سانحہ کے موقع پر وہ ذاتی طور پر اور پی آئی اے بطور ایک خاندان شہداء کے لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں اور ان سے جو مدد اور خدمت ممکن ہو سکی وہ شہداء کے اہل خانہ کے لئے انجام دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے کارکنان ہمارے پی آئی اے خاندان کا حصہ اور میرے بیٹے اور بیٹیاں تھے جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا ۔ طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے 63مسافروں کی میتیں ہفتہ کی شام تک لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو شہداء کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی۔ سکواڈرن لیڈر زین العارفین کی نماز جنازہ کورنگی کریک میں پاکستان ائر فورس کے تمام اعزازات کے ساتھ ادا کی گئی ۔

جس میں پی آئی اے کے چیف ٹیکنیکل آفیسر نے پی آئی اے سکائوٹس کے ہمراہ شرکت کی ۔ سینئر صحافی انصار نقوی اور مسافروں اسمعیل فاروقی، عالین فاروقی اور کاشف افضال کی نماز جنازہ میں بھی پی آئی اے کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ کراچی سے لاہور کے لئے چھ جسد خاکی روانہ کئے گئے ۔کراچی ائر پورٹ پر پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف سیکورٹی آفیسر نے جسد خاکی لاہور روانہ کئے۔

لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے ملازمین کی بڑی تعداد اپنے شہید ساتھیوں معان پائلٹ عثمان اعظم ، فلائٹ سٹیورڈ عبدالقیوم اشرف اور ائر ہوسٹس آمنہ عرفان کے جنازہ میں شرکت کے لئے موجود تھی ۔ پی آئی اے ملازمین اپنے ساتھیوں کی میتیں دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے ۔لاہور پہنچنے والی میتیوں کی نماز جنازہ لاہور ائر پورٹ پر ادا کی گئی ۔ پی آئی اے افسران نے شہداء کے جسد خاکی کے ساتھ ان کے گھروں تک پہنچائے اور ان کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی ۔