ہانگ کانگ میں 6 ہفتوں بعد ایک دن کے دوران سب سے زیادہ 13 کرونا کیسز رپورٹ، تمام مریض پاکستانی ہیں

اب تک پاکستان سے ہانگ کانگ واپس لوٹنے والے کل 33 پاکستانیوں میں مہلک وبا کی تشخیص ہو چکی، کل متاثرہ افراد کی تعداد 1 ہزار 083، 1 ہزار 36 مریض صحتیاب ہو چکے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 30 مئی 2020 23:12

ہانگ کانگ میں 6 ہفتوں بعد ایک دن کے دوران سب سے زیادہ 13 کرونا کیسز رپورٹ، ..
ہانگ کانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2020ء) ہانگ کانگ میں 6 ہفتوں بعد ایک دن کے دوران سب سے زیادہ 13 کرونا کیسز رپورٹ، تمام مریض پاکستانی ہیں، اب تک پاکستان سے ہانگ کانگ واپس لوٹنے والے کل 33 پاکستانیوں میں مہلک وبا کی تشخیص ہو چکی، کل متاثرہ افراد کی تعداد 1 ہزار 083، 1 ہزار 36 مریض صحتیاب ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق چین کے علاقے ہانگ کانگ میں مقیم کئی پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ہانگ کانگ سخت اقدامات کی بدولت کرونا وائرس کے پھیلاو کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ گزشتہ روز ہانگ کانگ میں کرونا وائرس کے 13 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ یہ 6 ہفتوں کے دوران کرونا وائرس کے ایک دن میں سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والے کیس تھے۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ جن 13 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی، وہ تمام کے تمام پاکستانی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پاکستانی حال ہی میں پاکستان سے ہانگ کانگ واپس گئے تھے۔ ان افراد کو فوری قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاون پابندیوں میں نرمی کیے جانے کے بعد سے 1100 پاکستانی ہانگ کانگ واپس جا چکے ہیں۔ ان میں سے 33 پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ہانگ کانگ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس وقت علاقے میں مقامی سطح پر کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں اب تک صرف 1 ہزار 83 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان کیسز کی بڑی تعداد یعنی 1 ہزار 36 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اس وقت ہانگ کانگ میں صرف 47 ایکٹیو کرونا کیسز ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 60 لاکھ 33 ہزار 754 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 66 ہزار 890 ہو گئیں۔ کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 30 لاکھ 5 ہزار 744 مریض اب بھی ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 53 ہزار 733 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 26 لاکھ 61 ہزار 120 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔