رواں مالی سال کے دوران پاکستان سٹیٹ آئل کی بعد از ٹیکس آمدنی میں49فیصد کمی

اتوار 31 مئی 2020 01:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) رواں مالی سال کے دوران پاکستان سٹیٹ آئل(پی ایس او) کی بعد از ٹیکس آمدنی میں49فیصد کمی ہوئی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج(پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی نوماہ میں جولائی تا مارچ2019-20ء کے دوران پی ایس او کی بعد از ٹیکس آمدن3 ہزار8 بلین روپے تک کم ہوگئی جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ2018-19ء کے دوران کمپنی کو5 ہزار923 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران پی ایس او کی بعد از ٹیکس آمدنی میں2915 ملین روپے یعنی49 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خالص آمدنی میں کمی کے نتیجہ میں پی ایس او کی فی حصص آمدن بھی12.62 روپے کے مقابلہ میں6.41 روپے فی حصص تک کم ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں جنوری تا مارچ2020ء کے دوران پی ایس او کو3427 ملین روپے کا بعد از ٹیکس خسارہ ہوا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں جنوری تا مارچ2019ء کیلئے پی ایس او نے 1677 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا تھا اور کمپنی کو3.57 روپے فی حصص آمدنی ہوئی تھی جبکہ جنوری تا مارچ2020ء میں بعد از ٹیکس خسارہ کے نتیجہ میں کمپنی کو7.30 روپے فی حصص خسارہ برداشت کرنا پڑا ہے۔

متعلقہ عنوان :