امریکہ میں کورونا وائرس سے یومیہ ہلاکتوں میں معمولی کمی ریکارڈ

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں 1000 سے کم ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 31 مئی 2020 06:41

امریکہ میں کورونا وائرس سے یومیہ ہلاکتوں میں معمولی کمی ریکارڈ
نیویارک (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 مئی 2020ء) امریکہ میں کورونا وائرس سے یومیہ ہلاکتوں میں معمولی کمی ریکارڈ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں 1000 سے کم ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو یومیہ ہلاکتوں میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 960 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوئے جو کہ گزشتہ کئی دنوں سے امریکہ میں ہونے والی یومیہ ہلاکتوں کی تعداد سے نسبتاََ کم تعداد ہے، لیکن اس کے باوجود بھی امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتیں کسی بھی دوسرے ملک سے کہیں زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس قبل ایک وقت ایسا بھی آیا جب امریکہ میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 800 سے بھی کم کی سطح پر چلی گئی تھیں جبکہ امریکہ کورونا کے باعث ایک دن میں 3000 سے کے قریب ہلاکتیں بھی برداشت کر چکا ہے۔

خبر ایجنسی نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 758 ہو گئی ہے جو کہ کسی بھی دوسرے سے مملک سے کہیں زیادہ ہے۔ امریکہ کے بعد کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کرنے والا دوسرا بڑا ملک برطانیہ ہے جہاں مہلک وائرس سے اب تک 38 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 17 لاکھ 69 ہزار 776 ہو گئی ہے۔ کورونا سے معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ اب تک مہلک وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 5 ہزار 35 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا زدہ 17 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔