لاہور ہائیکورٹ ،ماتحت عدالتوں میں (آج)سے تمام نوعیت کے مقدمات کی سماعت ہوگی

رواں ہفتے لاہور ہائیکورٹ میںپرنسپل سیٹ پر 9 ڈویڑن، 26 سنگل بنچز مقدمات کی سماعت کریں گے

اتوار 31 مئی 2020 13:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں آج (پیر)یکم جون سے ریگولر اور پرانے کیسز سمیت تمام نوعیت کے مقدمات کی سماعت ہوگی، لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان مختلف نوعیت کے کیسز کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد یکم جون سے تمام نوعیت کے کیسز سماعت کے لئے مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

رواں ہفتے پرنسپل سیٹ پر 9 ڈویڑن، 26 سنگل بنچز مقدمات کی سماعت کریں گے، ڈویڑن بنچ نمبر ایک چیف جسٹس محمد قاسم خان اور جسٹس مرزا وقاص رئوف پر مشتمل ہوگا، چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ ڈویڑن بنچ نمبر 2 میں جسٹس محمد امیر بھٹی اور جسٹس رسال حسن سید، ڈویڑن بنچ نمبر 3 میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی شامل ہوں گے، جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ منشیات سمیت دیگر کیسز کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈویڑن بنچ نمبر4 میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس شمس محمود مرزا ٹیکس، کمرشل سمیت دیگر کیسز کی سماعت کریں گے، ڈویڑن بنچ نمبر 5 جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس چودھری محمد اقبال، ڈویڑن بنچ نمبر 6 جسٹس محمد طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل ہوگا، جسٹس محمد طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نیب کیسز کی سماعت کرے گا۔ڈویڑن بنچ7 میں جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال انسداد دہشتگردی سمیت فوجداری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے، ڈویڑن بنچ نمبر 8 میں جسٹس شاہد کریم اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی شامل ہیں، یہ دو رکنی بنچ کمرشل، بنکنگ اور ٹیکس سمیت دیگر کیسز کی سماعت کرے گا، ڈویڑن بنچ نمبر 9 میں جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس صادق محمود خرم شامل ہیں۔

تمام ڈویڑن بنچز پیر سے جمعرات تک مقدمات کی سماعت کریں گے، دو رکنی بنچزمیں شامل تمام ججز سنگل بنچ کی حیثیت سے بھی مقدمات کی سماعت کریں گے۔ جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر، جسٹس مسعود عابد نقوی، جسٹس جواد حسن، جسٹس مزمل اختر شبیر سمیت دیگر ججز بھی صرف سنگل بنچز کی حیثیت سے سماعت کریں گے۔صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں آج ( پیر) سے ریگولر اور پرانے کیسز سمیت تمام نوعیت کے مقدمات کی سماعت کا آغاز ہو جائیگا ۔ججز صاحبان کو ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے ۔