بنی نوع انسانیت کی خدمت ہی دراصل انسانیت کی معراج ہے ،آفت زدہ لوگوں کی خدمت تو کسی عبادت سے کم نہیں،سردار مسعود خان

بی ٹی ایم گلوبل اور اس کی چیئرپرسن محترمہ سمیرا فرخ کی حالیہ کرونا وائرس کے دوران خدمات لائق تحسین ہیں، COVID-19ایک خطرناک اور جان لیوا وباء ہے جسے ہر گز ہلکا نہ لیا جائے اور اس کے بچائو کے لئے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں،صدر آزاد کشمیر

اتوار 31 مئی 2020 15:00

$راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بنی نوع انسانیت کی خدمت ہی دراصل انسانیت کی معراج ہے اور آفت زدہ لوگوں کی خدمت تو کسی عبادت سے کم نہیں۔ بی ٹی ایم گلوبل اور اس کی چیئرپرسن محترمہ سمیرا فرخ کی حالیہ کرونا وائرس کے دوران خدمات لائق تحسین ہیں۔ COVID-19ایک خطرناک اور جان لیوا وباء ہے جسے ہر گز ہلکا نہ لیا جائے اور اس کے بچائو کے لئے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کشمیر کالونی چکری روڈ راولپنڈی میں بی ٹی ایم گلوبل کی طرف سے سرگن نیلم ویلی متاثرین کی امداد کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان متاثرین میں راشن تقسیم کیا گیا اور تقریب کی میزبان بی ٹی ایم گلوبل کی چیئرپرسن سمیرا فرخ تھی جنہوں نے --’’بیسٹ ٹیوٹرز‘‘ برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر نذیر احمد کے تعاون سے مستحق خواتین اور بے روزگار نوجوانوں میں فوڈ پیکج کا انتظام کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود خان نے کہا کہ سرگن نیلم ویلی کے باسیوں کو کوڈ 19-سے قبل ایک آفت سے گزرنا پڑا اور وہ آفت برفانی تودا گرنے کی صورت میں آئی جس نے 180قیمتی جانیں لے لیں۔ سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے اور متعدد گھر اجڑ گئے۔ پورے پورے گائوں صفحہ ہستی سے مٹ گئے اور ہزاروں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ لیکن مشکل کی اس گھڑی میں افواج پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔

ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے لوگوں کو ریسکیو کیا اور ریلیف کے کاموں میں حصہ لیا۔ آزادکشمیر حکومت اور متعدد رفاعی تنظیموں نے لوگوں کی خدمت کی۔ صدر نے کہا کہ وہ خود بھی وہاں حاضر ہوئے تھے لوگوں کو دلاسہ دیا تھا اور اُن کی ہمت افزائی کی تھی۔ لیکن چونکہ سرگن انتہائی دور افتادہ اور دشوار گزار علاقہ ہے تو وہاں پہنچنے میں لوگوں کو کافی مشکلات درپیش آئیں۔

صدر آزادکشمیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کالونی راولپنڈی میں آپ لوگوں کو پانی ، بجلی ، سوئی گیس کی جو مشکلات درپیش ہیں وہ اُن کے حل کے لئے بھرپور کوشش کریں گے اور متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں اُن کا آفس پرسو کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے یہاں کے بے روزگار ہونے والے نوجوانوں کی امداد کے لئے متعلقہ اداروں کو تحریک کریں گے اور خود اس کی نگرانی کریں گے۔

صدر گرامی نے محترمہ سمیرا فرخ چیئرپرسن بی ٹی ایم گلوبل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ برمنگھم برطانیہ میں رہتی ہیں لیکن اُن کا دل آزادکشمیر کے لوگوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ یہ انسانیت کا درد رکھتی ہیں اور اُن کا دل جذبہ ایثارو قربانی اور انسانیت کی خدمت سے مزین ہے ۔ یہی وہ جذبہ تھا کہ وہ اپنی بیماری کے دوران بھی اور اس کے بعد بھی کوڈ19-کے متاثرین کی خدمت میں مصروف رہی اور ابھی تک اس خدمت کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔

صدر نے کہا کہ بی ٹی ایم گلوبل نے آزادکشمیر کے طول وعرض میں مستحقین کو راشن پہنچایا ہے اور پاکستان کے لوگوں کی بھی خدمت کی ہے جس پر وہ اُن کے شکر گزار ہیں اور اُن کے اس احسن کام پر اُن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ جب تک سمیرا فرخ جیسے لوگ موجود ہیں انسانیت زندہ رہے گی۔ صدر نے متاثرین سرگن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ سپیکر آزادکشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر سے بھی اپنا رابطہ استوار رکھیں چونکہ وہ اُن کے حلقے کے منتخب نمائندے ہیں۔

لیکن محترمہ سمیرا فرخ کے ذریعے وہ اُن سے بھی رابطہ قائم رکھیںتا وقتیکہ اُن کے سارے مسائل حل نہ ہو جائیں۔ اس موقع پر بی ٹی ایم گلوبل کی چیئرپرسن محترمہ سمیرا فرخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج اگر آزادکشمیر میں لوگوں کی خدمت کر رہی ہیں تو اس کا سہرا صدر مسعود خان کو جاتا ہے۔ جو نہ صرف اُن کے منٹور ہیں بلکہ صدر آزادکشمیر نے ہی انہیں آزادکشمیر آنے اور لوگوں کی خدمت کے لئے ترغیب دی۔

صدر مسعود ایک ویژن والی شخصیت ہیں جو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر انتہائی موثر طریقے سے اُجاگر کررہے ہیں۔ اُن کا دل کشمیریوں کے لئے ہمہ وقت تڑپتا ہے۔ محترمہ سمیرا فرخ نے اس موقع پر ’’بیسٹ ٹیوٹرز‘‘برطانیہ کے سرپرست ڈاکٹر نذیر احمد کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے سرگن نیلم ویلی کے ان ہجرت زدہ متاثرین میں آج فوڈ پیکج تقسیم ہو رہا ہے۔

تقریب سے پیرزادہ عدنان قادری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اگرچہ اُن کا خاندان پاکستان کی سیاست میں کئی دہائیوں سے اہم کردار ادا کررہا ہے اُن کے والد گرامی دو مرتبہ سینیٹر رہ چکے ہیں اور اُن کے چچا محترم پیر نورالحق قادری ابھی وفاقی وزیرے برائے مذہبی امور ہیں۔ لیکن وہ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کے ویژن، اُن کی فہم و فراست، اُن کی اعلیٰ صلاحیتوں اور پاکستان اورکشمیر کے لوگوں کے لئے اُن کے زبردست سفارتکارانہ خدمات کے معترف اور گرویدہ ہیں اور وہ صدر گرامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

تقریب سے صدر کشمیر کمیٹی نیلم قاری اورنگزیب نے بھی خطاب کیا اور صدر گرامی کو کشمیر کالونی میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں بجلی، پانی اور سوئی گیس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ نیز انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کے موجودہ احساس پروگرام کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ وہ خصوصی طور پر اس کمیونٹی کے بے روزگار نوجوانوں کو مالی امداد باہم پہنچائیں۔

صدر گرامی نے ان تمام مطالبات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ اُن کے ایک ایک مطالبے کو پورا کرنے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ تقریب سے حافظ محمد خورشید نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض قاری فضل الرحمان نے سر انجام دئیے اور نعت شریف منیب الرحمان نے پڑھی۔ آخر میں صدر گرامی نے مستحقین میں فوڈ پیکج تقسیم کیا۔