حکومت، انتظامیہ، تاجروں اور عوام کو سخت احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی ‘رانا مبشر اقبال

پوری قوم کے غیر مشروط تعاون کا حکومت غلط مطلب اور اپنی نااہلیوں کو اپنی اعلیٰ کارکردگی کا نام دے رہی ہے

اتوار 31 مئی 2020 15:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ کورونا، معیشت، تعلیم اور صحت و صنعت میں مختلف پالیسیوں نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے جبکہ فرنٹ لائن پر کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز، پیر ا میڈیکل اسٹاف، اور سیکورٹی کے ادارے مشکلات کا شکار ہیں، حفاظتی انتظامات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے ملک بھر میں ریکارڈ کورونا وائرس متاثرین میں اضافے اور فرنٹ لائن ڈاکٹرز میں وائرس کی تصدیق پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، انتظامیہ، تاجروں اور عوام کو سخت احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی۔حکومت ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائے، تاجر تنظیموں، علماء کرام، عوام اور سماجی تنظیمیں شعور اور آگاہی کے لئے خصوصی اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے محفوظ رہیں۔انہو ں نے کہاکہ غیر متوازن حکومتی پالیسیوں نے غریب عوام کو خودکشیوں پر اور تاجروں و صنعتکاروں کو حکمرانوں نے بھکاری بنا دیا ہے سفید پوش طبقہ در بدر ہو چکا ہے حکومت سب اچھا کے گیت گا رہی ہے اور کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ وفاقی حکمرانوں نے عالمی وباء کرونا کو اپنی سیاسی بھیک کا ذریعہ آمدن بنا لیا ہے پوری قوم کے غیر مشروط تعاون کا حکومت غلط مطلب اور اپنی نااہلیوں کو اپنی اعلیٰ کارکردگی کا نام دے رہی ہے۔