Live Updates

ن) لیگ کی سیاست کا شیرازہ بکھر چکا ، شریف برادران کی ’’ لندن مارکہ ‘‘ سیاست ناکام ہو چکی ہے ، ترجمان پنجاب حکومت

جو بھی کرپشن کرے گا اس کی سیاست کا سوا نہیں بلکہ سوا ستیا ناس ہونا اٹل ہے، (ن) ، پی پی کی صورتحال منہ بولتا ثبوت ہے ٹڈی دل کے حملے کو روکنے کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت نی7 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

اتوار 31 مئی 2020 15:15

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شریف برادران کی ’’ لندن مارکہ ‘‘ سیاست ناکام ہو چکی ہے ،مسلم (ن) لیگ کے ارسطو 2023ء سے پہلے عام انتخابات کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں، ٹڈی دل کے حملے کو روکنے کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت نی7 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے ،ٹڈی دل کے سوارم چولستان اور راجستھان کی طرف سمر بریڈنگ کیلئے جارہے ہیں ، چولستان میں سرویلنس اور کنٹرول بارے مکمل تیاری کر لی گئی ہے ،کورونا وائرس کی وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ، میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے بیان میںترجمان نے کہا کہ اب ملک میں جو بھی کرپشن کرے گا اس کی سیاست کا سوا نہیں بلکہ سوا ستیا ناس ہونا اٹل ہے اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی سیاسی صورتحال اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے کبھی بھی خود کو احتساب سے مبرا قرا ر نہیں دیا اور ہم ہر طرح کے احتساب کیلئے خود کو پیش کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا شیرازہ بکھر چکا ہے اور شریف خاندان کی ’’ لندن مارکہ ‘‘ سیاست بھی ناکام ہو چکی ہے ، ان کی سیاسی بقاء صرف اور صرف ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرنے اور آئندہ کرپشن سے تائب ہونے میں ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹڈی دل کی موثر نگرانی کیلئے اپنا سرکاری ہیلی کاپٹربھی وقف کردیا ہے ، پنجاب لوکسٹ کنٹرول پلان مرتب کرکے تمام ڈویژنز اور اضلاع میںکنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں،محکمہ زراعت کی بروقت کارروائیوں اور بہترین حکمت عملی کی بدولت پنجاب میں فصلوں کو کوئی قابل ذکر نقصان نہیں پہنچا تاہم حملوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ۔

محکمہ زراعت کے پاس مشینری اور آلات کی کوئی کمی نہیں اور مزید مشینری بھی خرید کی جارہی ہے ،محکمہ زراعت کے پاس 20 ہزار لیٹر زہروںکا سٹاک موجود ہے جبکہ مزید 50ہزار لیٹر آئندہ چند روز تک خرید کر لی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت برملا اظہار کرتی ہے کہ عوام کی شمولیت کے بغیر کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی ممکن نہیں، ہمیں اب اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لانا ہو گی جس میں احتیاطی تدابیر کو ہر صورت اپنی زندگی کا لازمی جزو بنانا ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات