ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار

اتوار 31 مئی 2020 15:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔سینٹ سیکریٹریٹ کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سلیم مانڈوی والا نے اپنے بیان میں کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے ہسپتالوں میں جگہ نہیں رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے اسپتالوں میں اس وقت مزید مریضوں کے لئے جگہ نہیں رہی۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہسپتالوں میں گنجائش نہ ہونے کے باعث انتظامیہ نے مریضوں کو گھر بھیجنا شروع کر دیا ہے جو باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن شہروں میں پہلے ہی طبی سہولیات کی کمی تھی وہاں اور برے حالات ہیں، ہپتالوں کی یہ حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حالات پر قابو پانے کے لئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں۔