وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ

حکومت نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں نے انتظامی دفاتر کل سے کھولنے کا اعلان کردیا، اداروں کے سربراہان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 31 مئی 2020 17:07

وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 مئی2020ء) وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ، وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کو کل یکم جون سے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے انتظامی دفاتر کل سے کھولے جائیں گے۔ حکومت نے اداروں کے سربراہان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ کورونا کی وجہ سے بند کیے جانے والے ادارے کھولے جارہے ہیں، موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر اداروں کے انتظامی دفاتر کو صاف ستھرا رکھتے ہوئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی نظامِ تعلمیات اسلام آباد کے زیرِ اہتمام 423تعلیمی اداروں کے تمام سربراہان کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام ایس او پیز پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کورونا وبا کے باعث سٹاف کو حاضری سے استثنیٰ دیا گیا تھا تاہم اب انہیں واپس دفتر آنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 15جولائی تک کورونا وباء عروج پر ہونے کے امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے سفارش کی ہے کہ تعلیمی اداروں کو اگست تک بند رکھا جائے‘ این سی او سی نے چاروں صوبوں بشمول آزاد وجموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں انڈسٹری سے منسلک کچھ دیگر شعبے کھولنے کے لئے صوبائی حکومت سے تجاویز اور آراء مانگ لیں ہیں‘ ان کی روشنی میں دیگر صنعتیں بھی کھولنے کی سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی میں اعلی سحطی اجلاس منعقد ہوا۔ کوویڈ 19 سے متعلق ’’طویل مدتی بیماری‘‘ کے عنوان سے طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم نے کوویڈ19‘ معاملے پر بہتر پیغام رسانی اور عوامی رسائی کے لئے مواصلاتی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔