مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کی حضرت عمر بن عبد العزیز کی قبر کی بے حرمتی کی مذمت

اتوار 31 مئی 2020 19:50

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ ، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شام میں حضرت عمر بن عبد العزیز کی قبر کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسنددہشت گرد تکفیری گروہوں نے مسلمانوں کے مقدسات کو نشانہ بنانا شروع کر رکھا ہے جو کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، امیر متحدہ جمعیت اہل حدیث علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، پیر مولانا محفوظ مشہدی، مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان مولانا محمد خان لغاری ،سید یوسف شاہ ، صدر مجلس علماء امامیہ علامہ جاوید اکبر ساقی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ زبیر عابد ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا شمس الحق ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا عصمت اللہ معاویہ ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا عبد الرئوف فاروقی ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، علامہ ایوب صفدر ، مولانا اسلم صدیقی، مولانا نعمان حاشر ، مولانا ابو بکر صابری، مولانا امین الحق اشرفی، مولانا عبد اللہ رشیدی نے کہا کہ انتہا پسند اور دہشت گرد گروہ اسلام کے نام پر مسلمانوں کے مقدسات پر حملہ آور ہیں۔

(جاری ہے)

حضرت عمر بن عبد العزیز اور ان کی اہلیہ کی قبر اور اجساد کی توہین سے واضح ہے ان گروہوں کا اسلام ، مسلمانوں اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے ، تمام مذاہب مقدسات اور قبروں کی حرمت اور احترام کا درس دیتے ہیں ، کوئی مسلمان قبر کی توہین کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو انتہا پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے اور مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل کیلئے متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس کو ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔