افغانستان ،صوبہ ہرات میں ٹریفک کے المناک حادثہ اورصوبہ پروان میں ایک گھر پرراکٹ گرکر پھٹنے کے دو الگ واقعات ،12 افغان شہری جاں بحق

اتوار 31 مئی 2020 19:50

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں ٹریفک کے المناک حادثہ اورصوبہ پروان میں ایک گھر پرراکٹ گرکر پھٹنے کے دو الگ واقعات میںسے ایک ہی خاندان کے 9 افرادسمیت12 افغان شہری زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے۔ جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ ہرات کے گورنو جیلانی فرہاد کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریفک کا المناک یہ حادثہ صوبہ ہرات کے ضلع ادرکسن میں ہرات قندہار شاہراہ پر پیش آیا جہاں مخالف سمت سے آنے والی دو موٹرکاروں میںخوفناک تصادم ہوا۔

جیلانی کے مطابق حادثہ کے نتیجے میں جاں بحق 9 افراد میں چار بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں جن کا تعلق صوبہ کپیسا کے ایک ہی خاندان سے ہے۔ادھر صوبہ پروان میں راکٹ کا شیل گرنے سے ایک گھر کے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ترجمان وحیدہ شاہکار کے مطابق ضلع سیاہ گرد کے ایک گاؤں میں ایک راکٹ گرنے سے تین افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔بتایاجاتا ہے کہ یہ راکٹ ممکنہ طورپرطالبان نے افغان فوجیوں کے ٹھکانے پر فائرکیا تھا جو غلطی سے رہائشی علاقے میں جاکرپھٹا۔