×خاتم الانبیاء کے اہل بیت، اصحاب کی آخری آرامگاہوں کو مسمار کرنا سعودی حکومت کا ناقابل معافی جرم ہے، پیر اعجاز ہاشمی

اتوار 31 مئی 2020 20:10

۱ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ 1925ء میں مسجد نبوی سے ملحقہ تاریخی قبرستان جنت البقیع میں اہل بیت عظام، صحابہ کرام کی آخری آرام گاہوں کو مسمارکرکے قابض آل سعود نے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔ اس جرم پرانہیں امت مسلمہ سے معافی مانگنی چاہیے اور مزارات کی پرانی حالت بحال کرکے دوبارہ تعمیر کرنی چاہیے، سعودی حکومت ویسے بھی انتہا پسندی سے اب لبرل ازم کی طرف جارہی ہے ۔

نائٹ کلب اور جوا خانے جیسے گناہوں کے اڈے کھل گئے ہیں،سیر و سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے تو انہیں جنت البقیع کو بحال کردینا چاہیے، اس سے دنیا بھر سے اہل اسلام زیارت کے لیے آئیں گے جس سے سعودی معیشت مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سانحہ کے 95سال بعد بھی جنت البقیع میں اہل بیت کے مزارات کے نشانات پر سخت سعودی پہرہ قابل مذمت ہے۔

جب نبی کریم کی بیٹی بی بی فاطمہ الزہرہ، ، حضرت عثمان غنی،حضرت جعفر طیار، ازواج مطہرات اور دیگر مقدس شخصیات کے مزارات کی جگہ پتھر پڑے ہوئے نظر آتے ہیں تو دل خون کے آنسو روتا ہے ۔افسوس شاہی محلات توروشن ہیںمگر دختر نبی کی قبر پر تاریکی ہے۔پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ سعودی حکومت خود مزارات کی تعمیر کرے یا مسلمانوں کو اجازت دے وہ خود ان مزارات کی تعمیر کرکے انہیں بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خاتم الانبیاء کے اہل بیت اور اصحاب اسلام کی بنیادوں کو مضبوط کرنے اور امت مسلمہ تک دین پہنچانے والے ہیں، ان کی آخری آرامگاہیں اور نشانیوں کو مسمار کرنا سعودی حکومت کا ناقابل معافی جرم ہے۔