)آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے رہنمائو ں کا کیسکو میں بدانتظامی، نااہلیت،سیاسی مداخلت اور کرپشن میں روزبروز اضافے پر تشویش کا اظہار

اتوار 31 مئی 2020 21:35

ًکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2020ء) آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین(سی بی ای) کے مرکزی جوائنٹ صدرو صوبائی چیئرمین محمدرمضان اچکزئی،صوبائی چیف آرگنائرز سید محمد لہڑی، سیکریٹری عبدالحئی، وائس چیئرمین عبدالباقی لہڑی، جوائنٹ سیکریٹری محمد یار علیزئی، سیکریٹری فنانس ملک محمدآصف اور سیکریٹر ی نشرواشاعت سید آغا محمد نے ایک مشترکہ اخباری بیان کے زریعے کیسکو میں بدانتظامی، نااہلیت،سیاسی مداخلت اور کرپشن میں روزبروز اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور احتساب کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کیسکو میں گزشتہ دنوں قانون،قواعدوضوابط،پالیسی اور میرٹ کے برخلاف 40 افسران کی بھرتیوں پرکارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سی بی اے یونین کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسرکیسکو، منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو، وفاقی سیکریٹری پاوراور وزیراعظم ہائوس تک مطلع کیا گیا ہے کہ کیسکو کے معاملات روزبروز بگڑ رہے ہیں، کیسکو کی واجب الادا رقوم میں اضافہ ہورہا ہے، بجلی چوری بڑھ چکی ہے، ہر ڈویژن میں اخراجات بڑھادیے گئے ہیں، گاڑیوں کا غیر قانونی استعمال جاری ہے، ڈرائنگ و ڈیزائن کے برخلاف گرڈاسٹیشنز، 132KV، 33KV اور11KV لائنیں بناکر بجلی چوروں کو چوری کے مزید مواقع دیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

یونین رہنمائوں نے کہا کہ دیگر کمپنیوں سے آئے ہوئے افسران کو دو،دو تنخواہیں، اضافی چارج پر 12ہزارروپے الائونس،10ہزار روپے ڈگری الائونس، گاڑیوں کے ساتھ کنوینس الائونس،ہر ماہ گھرجانے اورآنے کیلئے سرکاری ٹرانسپورٹ کی سہولت، تعلیمی اخراجات کی فراہمی،سیاسی سفارش کے ذریعے مرضی کی پوسٹنگ، سینئر پوسٹ پر جونیئر کی تعیناتیاں اور بروقت پرموشن واپ گریڈیشن کی سہولیات میسر ہیں اس کے علاوہ کسی بھی آفیسر پرکسی بھی واقعے کی ذمہ داری اس لئے نہیں ڈالی جاتی کہ پیٹی بھائی آفیسرزپیٹی بھائی کو بچاکر ادارے کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں دوسری طرف مزدوروںکے پچھلے سال اکتوبر اور امسال اپریل کے پرموشن بورڈز میں مزدوروں کو پرموشن و اپ گریڈیشن سے محروم رکھا گیا ہے اور کارکنوں کے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات نہ اٹھانے کی وجہ سے ایک ماہ میں کیسکو کی7کارکن کورونا وائرس کا شکار ہوکر شہید ہوچکے ہیں اورکام کے دوران کارکنوں کی شہادتیں اور معذوری روزکا معمول بن چکا ہے۔

انہوں نے حکومت اور کیسکو انتظامیہ سے بھرپورمطالبہ کیا کہ وہ کیسکو کے معاملات میں بہتری لانے کیلئے قانون، رولز،پالیسی اور میرٹ پر فیصلے کریں تاکہ کمپنی کو تباہی سے بچاکر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔انہوں نے مزدوروں کے تمام حل طلب مسائل فوری حل کرنے پر زوردیا اور کہا کہ حکومت کیسکو کے 4سال سے زائدلمعیاد بورڈ آف ڈائریکٹرزکی جگہ نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کرے اورعارضی چیف ایگزیکٹو آفیسر کے بجائے کمپنیز ایکٹ اور کمپنیز گورننس رولز کے مطابق ریگولر چیف ایگزیکٹوآفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ کمپنی میں لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ کرکے کیسکوکو نجکاری سے محفوظ اور مزدوروں کے جائز مسائل کو فور ی حل کیا جاسکے۔

31-05-20/--169 #h# ۔بلوچستان نیشنل پارٹی کا سانحہ ڈھنگ کیچ کے خلاف جیکب آباد ،ڈی جی خان ،کراچی سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہروں کااعلان #h# Zکوئٹہ ( آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کے جاری کردہ مرکزی اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ سانحہ ڈھنگ کیچ کے خلاف جس میں ایک بلوچ ماں کا قتل ،ان کی معصوم بچی (برمش)کو شدیدزخمی کرنے ،بلوچی ننگ وناموس ،رسم ورواج کو پائوں تلے روند ڈالنے ،انسانی حقوق کی خلاف ورزی،چادر وچاردیواری کے تقدس کی پامالی کے خلاف اور سانحہ میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری اورانہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی نے جیکب آباد ،ڈی جی خان ،کراچی سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہروں کااعلان کیاہے پارٹی کے تمام ذمہ داروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سانحہ کے خلاف اپنے اضلاع میں بھرپور انداز میں اپنااحتجاج ریکارڈ کرائیں ،اعلامیہ کے مطابق 2جون کو نوشکی ،چاغی ،خاران ،واشک، 3جون آواران ،مستونگ ،قلات ،سورب ،خضدار ،4جون نصیرآباد،جعفرآباد،صحبت پور ،جیکب آباد ،5 جون جھل مگسی ،کچھی بولان ،سبی ،ہرنائی ،کوہلو ،6جون بارکھان ،لورالائی ،موسی خیل ،دکی ،ڈیرہ بگٹی ،7جون زیارت ،قلعہ سیف اللہ ،ژوب ،قلعہ عبداللہ ،ڈی جی خان8جون کیچ ،پنجگور ،گوادر ،لسبیلہ ،حب چوکی ،کراچی ،9جون کو کوئٹہ میں بھرپور احتجاجی مظاہرے ہونگے اور مذکورہ سانحہ کے اصل ملزمان کی گرفتاری اور شہید بلوچ ماں کو انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا۔