طبی عملہ کے ساتھ بد تمیزی اور تشدد ناقابل برداشت ہے ۔ وزیر اطلاعات سندھ

اتوار 31 مئی 2020 21:40

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ بد تمیزی اور تشدد ناقابل برداشت ہے ۔ ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں بچا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنے جاری کردہ بیان میں کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ طبی عملہ کے ساتھ بد تمیزی اور تشدد ناقابل برداشت ہے ، اگر کسی حوالے سے کوئی شکایت تھی تو انتظامیہ سے بات کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کرنے کے حوالے سے قانونی کارروائی کی جارہی ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد اعلی شاہ نے اعلی سطح انکوائری کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ پہلے جناح اسپتال میں توڑ پھوڑ اور پھر سول اسپتال پر ہنگامہ آرائی ہوئی، یہ ناقابل برداشت ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسز خود کو اکیلا محسوس نہ کریں، حکومت ان کے ساتھ ہے اور وزیراعلی سندھ نے ان واقعات پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔