کرپٹ اور نااہل حیسکو انتظامیہ عوام پر ظلم بند کرے، ارکان اسمبلی ایم کیو ایم

جعلی ڈیڈیکشن، بلز کی ریکوری کیلئے حیسکو انتظامیہ نے اپنے اسٹاف کو غنڈہ گردی کا لائنس دیا ہوا ہے جو ریکوری کے نام پر شہریوں سے بھتہ وصول کررہے ہیں

اتوار 31 مئی 2020 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) کرپٹ اور نااہل حیسکو انتظامیہ عوام پر ظلم بند کرے، شہر کے مختلف علاقوں میں ناقص ٹرانسفارمراور تکینکی خرابی کے باعث کئی کئی دن بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے، جعلی ڈیڈیکشن، بلز کی ریکوری کیلئے حیسکو انتظامیہ نے اپنے اسٹاف کو غنڈہ گردی کا لائنس دیا ہوا ہے جو ریکوری کے نام پر شہریوں سے بھتہ وصول کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

حیدرآباد سے ایم کیو ایم کے ارکان صوبائی اسمبلی ندیم احمد صدیقی ، راشد خلجی ، ناصر حسین قریشی نے اپنے مشترکہ بیان میں حیسکو انتظامیہ کی طرف سے حیدر آباد شہر میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ریکوری کے نام پر کرپٹ حیسکو اہلکاروں کی بھتہ خوری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حیدر آباد شہر اور لطیف آباد میں 6سے 8گھنٹے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ حیدر آباد کے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کرنے کے مترادف ہے، انہوں نے کہاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ناقص ٹرانسفارمراورتکنیکی خرابی کے باعث کئی کئی دن بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے اور حیسکو انتظامیہ بے حسی کا مظاہرہ کرتی ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، انہوں نے کہاکہ جعلی ڈیڈیکشن بلز کی ریکوری کیلئے حیسکو انتظامیہ اپنے اسٹاف کو غنڈہ گردی کا لائنس دیا ہوا ہے جو ریکوری کے نام پر شہریوں سے بھتہ وصول کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ تمام ظلم و زیادتی کے باوجود حق پرست عوام کو ان کے عوامی نمائندے امن پسندی کا درس دے رہے ہیں مگر اب عوام کو صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے اگر حیسکو انتظامیہ نے اپنی روش نہ بدلی تو حق پرست قیادت عوام کے ساتھ حیسکو انتظامیہ کا محاسبہ کریں گی۔