مالٹا میں یکم جولائی سے پروازوں کی بحالی کا اعلان

پیر 1 جون 2020 12:19

والیٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) مالٹا کے وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے یکم جولائی سے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بحیرہ روم کے جزیرہ ملک مالٹا میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث مارچ سے پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مالٹا کے وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے کہا کہ ہم معمول کے حالات کی طرف دوبارہ لوٹ رہے ہیں اور یہ وقت مالٹا کے لیے بہت زبردست ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت عام حالات میں اکتوبر میں بجٹ پیش کرتی ہے لیکن اب یہ بجٹ قبل از وقت 8 جون کو پیش کیا جائے گا جس کا مقصد کھپت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ مالٹا میں کورونا وائرس کے 600 کیسز رپورٹ ہوئے اور 9 اموات ہو چکی ہیں۔ واضح رہے کہ مالٹا حکومت کورونا وائرس کے باعث کمپنیوں کے ملازمین کو ماہانہ 800 یوروز یعنی 888 ڈالر کی ادائیگی کر رہی ہے اور کہا ہے کہ وہ معیشت کی دوبارہ بحالی تک اس سکیم کو جاری رکھے گی۔