الائی واقعہ میں ملزم کو زندہ پکڑنے کی بھرپور کوشش کی مگر ملزم گھر کی چھت سے پولیس اہلکاروں پر مسلسل فائرنگ کرتا رہا

فائرنگ سے پولیس جوان زخمی ہوا، مجبوری کے تحت ملزم پر فائرنگ کی، اصل محرکات جلد منظر عام پر لائیں گے، ڈی پی او بٹگرام

پیر 1 جون 2020 12:19

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام طارق سہیل مروت نے کہا ہے کہ الائی ہولناک واقعہ میں ملزم کو زندہ پکڑنے کی بھرپور کوشش کی مگر ملزم گھر کی چھت سے پولیس اہلکاروں پر مسلسل فائرنگ کرتا رہا، فائرنگ سے پولیس کا ایک جوان زخمی ہوا، مجبوری کے تحت ملزم پر فائرنگ کی گئی، واقعہ کے اصل محرکات عنقریب منظر عام پر لائے جائیں گے۔

وہ یہاں اپنے آفس میں پزنگ افسوسناک واقعہ کے متعلق میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پزنگ واقعہ دلخراش تھا، پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ جہانزیب نامی شخص نے اپنے گھر والوں کو قتل کر دیا ہے اور کسی کو گھر میں داخل بھی نہیں ہونے دے رہا ہے، وہ پزنگ بمعہ نفری موقع پر پہنچے لیکن ملزم ہتھیار ڈالنے پر بالکل آمادہ نہیں تھا بلکہ پولیس پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھانہ پزنگ ایس ایچ او کی اطلاع پر ہم نے بمعہ نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئے، انتہائی دشوار گذار راستہ کے باوجود ہم موقع پر پہنچے تو ملزم آپے سے باہر تھا اور مسلسل پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جس میں پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوا، انتہائی سوچ بچار اور موقع کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں جہانزیب نامی ملزم موقع پر ہلاک ہو گیا اور واقعہ کے بعد اور بچوں کو بحفاظت گھر سے نکالا۔