برطانیہ 5 جی بارے ہواوے پر انحصارکم کر نے کے لیے 10 ملکی ٹیکنالوجی گروپ کی تشکیل کا خواہاں

امریکی تعاون سے مجوزہ گروپ میں جی7 ملکوں کے علاوہ آسٹریلیا ، جنوبی کوریا اور بھارت شامل ہوں گے،رپورٹ

پیر 1 جون 2020 12:58

برطانیہ 5 جی بارے ہواوے پر انحصارکم کر نے کے لیے 10 ملکی ٹیکنالوجی گروپ ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) برطانیہ امریکا کے تعاون سے 10 ملکی ٹیکنالوجی گروپ کی تشکیل کا خواہاں ہیں جس کے ذریعے 5 جی کے حوالے سے چینی کمپنی ہواوے پر انحصارکم کرسکے،مجوزہ گروپ میں جی 7 ملکوں کے علاوہ آسٹریلیا ، جنوبی کوریا اور بھارت شامل ہوں گے۔معروف برطانوی روزنامے کی حالیہ رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن یہ تجویز امریکا کی زیر میزبانی ترقی یافتہ ملکوں کے گروپ (جی 7 ) کے اجلاس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دینا چاہتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ برطانیہ کی خواہش ہے امریکا 10 ملکوں کا ایک کلب تشکیل دے جو اپنی 5 جی ٹیکنالوجی تیار کرے تاکہ چینی کمپنی ہواوے پر انحصار کم سے کم اور دنیا میں اس کے تیزی سے بڑھتے اثرو رسوخ کو روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اگرچہ برطانیہ نے ہواوے کو ملک میں تیز رفتار 5 جی ڈیٹا نیٹ ورک تشکیل دینے کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچے کا 35 فیصد تعمیر کرنے کی اجازت دے رکھی ہے تاہم وزیر اعظم بورس جانسن نے مبینہ طور پر حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ چین کے ساتھ تعلقات کی نوعیت کے باعث 2023ء تک ہواوے کو نیٹ ورک سے خارج کرنے کا منصوبہ تیار کریں،ایک آپشن یہ بھی ہے کہ مجوزہ 10 رکن ملکوں کی ٹیلی کام کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی جائے۔

فن لینڈ کی نوکیا اور سویڈن کی اریکسن کمپنی یورپ کے 5G سازوسامانبشمول اینٹینا اور ریلے ماسٹس کی فراہمی کے لیے موجودہ متبادل ہیں۔برطانوی حکام کی جانب سے اس رپورٹ کے خلاف کوئی ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم جانسن کے اس سال ہواوے کو ملک میں 5 جی ڈھانچے بارے منصوبے میں شامل کرنے کا فیصلہ امریکی حکومت کی ناراضگی کا باعث بنا کیونکہ اس کا خیال ہے کہ نجی چینی کمپنی یا تو مغربی مواصلاتی نظام کی جاسوسی کرسکتی ہے یا بیجنگ کے احکامات کے تحت صرف برطانیہ کے نیٹ ورک کو بند کر سکتی ہے۔