مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، مخدوم سید احمد محمود

پیر 1 جون 2020 12:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان مکمل الرٹ اور اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن و چیف کوواڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادرشاھین کے ہمراہ پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پورے خطے کا تھانیدار بننے کا خواب دل سے نکال دیئے ۔ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی مسلسل خلاف ورزی کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھے ہم خطے میں امن قائم رکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تین دنوں میں پاکستان نے بھارت کے دو جاسوس ڈرون مار گرائے ہیں۔

پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون گرا کر بھارت کو بتادیا کہ پاکستانی افواج ہمہ وقت تیار اور اپنی سرحدوں کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔مخدوم احمد محمود نے علاقائی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ایجنسی را اور افغان ایجنسی این ڈی ایس کا پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ ہے۔ بھارت افغانستان کے ذریعے بلوچستان میں مداخلت اور دہشتگردی کر رہا ہے۔

مودی حکومت بھارت میں مسلمان اقلیتوں اور کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور بھارت اپنے اردگرد کے تمام ہمسایہ ممالک کو جنگ پر اکسا رہا ہے۔ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ پہلے روز سے کہہ رہا ہوں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا، اب ہسپتالوں نے نئے مریض لینے سے انکار شروع کردیا ہے پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ اور اپیل کی ہے کہ ملک میں فوری طور پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

کورونا و دیگر اہم معاملات پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا مطالبہ کر چکے ہیں کیونکہ بڑھتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو ہم آہنگی و اتحاد کی ضرورت ہے۔ ماسک پہننا ہر شہری کے لیے لازم قرار دیا جائے اور عوام میں مفت بانٹے جائیں جبکہ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس مہیا کی جائیں۔انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز و دیگر طبی عملے کو 100 فیصد رسک الاؤنس کی منظوری دینے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کو نظر انداز نہ کیا جائے، کورونا وائرس کیخلاف ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔

ہمیں کورونا وائرس سے خود اور قوم کو محفوظ رکھنا ہے۔ کورونا کے خاتمے کے لیے ہر حال میں احتیاطی تدابیر اپنائیں۔انہوں نے ملازمت نہ کرنے والی خواتین ڈاکٹرز سے اپیل کی کہ وہ قوم کی خدمت کے لیے آگے بڑھیں۔