خدشہ ہے کہ نواز شریف کو عدالتوں سے ریلیف دلوانے کے لئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیار کروائی گئیں، فواد چوہدری

وزیراعظم انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کروائیں کہ کس کس نے نوازشریف کو فرار کروانے میں مدد کی، فواد چوہدری کا وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں مطالبہ

Khurram Aniq خُرم انیق پیر 1 جون 2020 12:56

خدشہ ہے کہ نواز شریف کو عدالتوں سے ریلیف دلوانے کے لئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-01جون-2020ء) فواد چوہدری کا وزیراعظم عمران خان کے نام خط ۔ وفاقی وزیر نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کروائیں کہ کس کس نے نوازشریف کو فرار کروانے میں مدد کی۔ خط میں وفاقی وزیر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ نواز شریف کو عدالتوں سے ریلیف دلوانے کے لئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیار کروائی گئیں، انہیں پاکستان سے فرار کروانے کیلئے حقائق کو مسخ کیا گیا۔

خط لھجتے ہوئے وفاقی وزیر نے جعلی رپورٹس میں تحقیقات کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف اس وقت لندن میں علاج کے سلسلے میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال دسمبر میں نوازشریف علاج کے سلسلے میں ضمانت کے لے لندن گئے تھے جس میں انہیں 8 ہفتوں کے لئے ضمانت دی گئی تھی، تا ہم ابھی تک نوازشریف نے وطن واپسی کا فیصلہ نہیں کیا۔

ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے نوازشریف کو وطن واپس بلانے کی کوشش کی تھی لیکن نوازشریف نے ابھی تک وطن واپسی کا فیصلہ نہیں کیا، تا ہم لندن سے ان کی میڈیکل رپورٹس بھیج دی گئی تھی جسے پنجاب حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔ حال میں لندن کے کسی چھوٹے سے ہوٹل میں اہلخانہ کے ہمراہ نوازشریف کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس کے بعد حکومتی ارکان کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور نوازشریف کی صحت کے حوالے سے مختلف سوالات بھی اٹھائے گئے تھے۔

اسی تصویر کے بعد اب نوازشریف کی صحت اور فرار ہونے کے بارے میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے جس میں فواد چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کروائیں کہ کس کس نے نوازشریف کو فرار کروانے میں مدد کی۔ خط میں وفاقی وزیر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ نواز شریف کو عدالتوں سے ریلیف دلوانے کے لئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیار کروائی گئیں۔