ایکسیڈ پٹرولیم کیس، سابق پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کا بیٹا اشتہاری قرار

پیر 1 جون 2020 14:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) لاہور کی سیشن عدالت نے سابق وزیراعظم محمدنواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کے بیٹے کو اشتہاری قرار دیدیا،عدالت نے سعید مہدی کے بیٹے علی فیصل اور کمپنی کے دیگر ڈائریکٹرز کی جائیداد اور بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی دیدیا،ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم نے امانت علی کی ایکسیڈ پٹرولیم کیخلاف درخواست پر حکم دیا،امانت علی کی جانب سے بیرسٹر مومن ملک نے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار ایکسیڈ پٹرولیم کے ساتھ کاروبار کررہے تھے اور پیشگی ادائیگیاں کیں، ایکسیڈ پٹرولیم کو 3 کروڑ روپے سے زائد رقم کی پیشگی ادائیگی کی مگر درخواست گزار کو طے شدہ پٹرولیم مصنوعات فراہم نہیں کی گئیں، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سعید مہدی کے بیٹے کی کمپنی نے رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی اور چیک دئیے مگر تمام چیکس باؤنس ہو گئے، چیکس باؤنس ہونے پر تھانے میں مقدمات کا اندراج کیا گیا مگر پولیس کوئی بھی کارروائی نہیں کررہی،درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ملزمان اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے بے جا تنگ کررہے ہیں اور درخواست گزار کو بلیک میلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ درخواست گزار ملزمان کے فراڈ کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہے۔