اطالوی ٹینس سٹار فابیو فوگنینی کے دونوں ٹخنوں کی آرتھروسکوپک سرجری

پیر 1 جون 2020 16:27

روم ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) اٹلی کے نامور ٹینس سٹار اور سابق ٹاپ 10 کھلاڑی فابیو فوگنینی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ گزشتہ ہفتہ کو ان کے دونوں ٹخنوں کی آرتھروسکوپک سرجری ہوئی تھی۔گذشتہ سال 2019ء کے اے ٹی پی رینکنگ میں کیریئر کی اعلی نویں پوزیشن تک پہنچنے والے اور 2011ء کے فرنچ اوپن کوارٹر فائنلسٹ فوگنینی نے ٹویٹر پر دو پیغامات بھیجے تھے۔

جن میں پہلا سرجری کرانے کے بارے میں ہے جبکہ دوسرے میں ہسپتال کے بستر پر لی گئی تصویر شامل تھی۔

(جاری ہے)

فابیو فوگنینی نے کہا ہے انکو اپنے بائیں ٹخنے میں تکلیف کی وجہ سے ساڑھے تین سال تک پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وہ گزشتہ دو سال سے دائیں ٹخنے میں بھی تکلیف برداشت کر رہے تھے اور ان سے نمٹنے کے لئے سرجری ناگزیر تھی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ٹینس مقابلے شروع ہونے میں دو ماہ باقی ہیں اور وہ پر امید ہیں کہ اس وقفے کے دوران فٹنس مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہوکر جلد ایکشن میں نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ اطالوی ٹینس سٹار فابیو فوگنینی اس وقت ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں 11 ویں پوزیشن پر ہے۔ اس کی شادی 2015ء کی امریکی اوپن چیمپئن فلیویا پیینیٹا سے ہوئی تھی۔