کورونا کے خلاف اقدامات، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے سندھ حکومت کے معترف

پورے ملک میں مقامی منتقلی کو روکنا ضروری ہے، ،سماجی دوری اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کروانے کا مشورہ دیا ہے ، عالمی ادارہ صحت

پیر 1 جون 2020 16:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندوں نے ملاقات کی جس میں سندھ حکومت کے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت نے کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کی یومیہ گنجائش 6600 ٹیسٹ کردی ہے مگر لوگ ٹیسٹ کروانے میں اتنا تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 2 ہسپتالوں میں تشدد ہوا، اس لیے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ڈاکٹرز، نرسز اور عملہ محفوظ رہے کیونکہ ڈاکٹرز ٹھیک رہیں گے تو دوسروں کی زندگی بچا سکیں گے لہذا ہسپتالوں میں توڑ پھوڑ یا ڈاکٹروں کو ہراساں کرنا براداشت نہیں۔

(جاری ہے)

لاک ڈاؤن سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ وزیراعظم اجلاس کر رہے ہیں، اس میں اہم فیصلے ہوں گے۔

اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے کورونا کے خلاف سندھ حکومت کی پالیسی کی تعریف کی۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا سے متعلق ہسپتال قائم کرنے سے ڈبلیو ایچ او کو آگاہ کیا، سندھ حکومت کے بروقت اقدامات نے بہتر نتائج دیے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق پورے ملک میں مقامی منتقلی کو روکنا ضروری ہے، اسی لیے سماجی دوری اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔