اپوزیشن انسدادِ کرونا کے بجائے صبح و شام رونا کی پالیسی پر گامزن ہے،صوبائی وزیر اطلاعات

ملک میں کرونا خاتمے کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہے،فیاض الحسن چوہان

پیر 1 جون 2020 17:27

اپوزیشن انسدادِ کرونا کے بجائے صبح و شام رونا کی پالیسی پر گامزن ہے،صوبائی ..
لاہور۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے حکومت کی جانب سے ماہِ جون کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے عوام کے لیے تحفہ ہے،ماضی میں عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے اثرات اس حد تک عوام تک نہیں پہنچائے گئے۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث شدید مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کا طرہ امتیاز ہے اور وزیرِ اعظم عمران خان کے غریب عوام سے گہرے تعلق کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرونا سے بچاؤ اور خاتمے کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہے لیکن اپوزیشن اپنے دائمی حسد میں وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور کرونا ریلیف اقدامات کا اعتراف کرنے کی بجائے صبح شام رونا کی پالیسی پر گامزن ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کرونا کیخلاف زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات میں قدم بڑھائے۔