کسی بھی علامت کی صورت میں خود علاج کرنے کے بجائے اپنے فیملی ڈاکٹرسے فوری رجوع کریں ،وسیم اختر

پیر 1 جون 2020 18:50

کسی بھی علامت کی صورت میں خود علاج کرنے کے بجائے اپنے فیملی ڈاکٹرسے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری کسی بھی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوںاگر ڈاکٹر تجویز کریں تو کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی کرایا جائے اور کورونا وائرس کی کسی بھی علامت کی صورت میں خود علاج کرنے کے بجائے اپنے فیملی ڈاکٹرسے فوری رجوع کریں تاکہ ابتدائی طور پر ہی مرض پر قابو پایا جاسکے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ رمضان اور عید الفطر کے بعد کورونا وائرس کی مریضوں کی تعداد میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہوا ہے جو تشویش ناک ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی شہریوں نے احتیاط نہ برتی تو صورتحال کنٹرول سے باہر ہوسکتی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی جانیں بچانے میں مصروف ہیں، ان پر الزامات یا اسپتالوں میں توڑ پھوڑ کرنا انتہائی غیر انسانی رویہ ہے اس سے عدم برداشت اور تشدد کی راہ ہموار ہوگی، اسپتالوں میں مریضوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جاسکے گی، انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ صبر ، تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں تاکہ اسپتالوں میں امن وامان کی صورتحال بہتر رہے اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف تمام تر توجہ مریضوں کے علاج معالجے پر صرف کرسکیں، میئر کراچی نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف سے بھی اپیل کی کہ وہ مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے تیمارداروں کے ساتھ شفقت کا رویہ اپنائیں اور کسی بھی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، سرکاری و نجی اور اسپتالوں میں آئی سی یو بیڈز کی شدید کمی ہے ، میئر کراچی نے کہا کہ وفاقی اور سندھ حکومت نے کراچی شہر کے منتخب بلدیاتی ادارے کے ایم سی کو کورونا وائرس کی وباء کے دوران مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے اور بار بار کے مطالبے کے باوجود اس حوالے سے کوئی فنڈز جاری نہیں کئے، عباسی شہید اسپتال کراچی کا دوسرا بڑا اسپتال ہے لیکن فنڈ نہ ہونے کے سبب کورونا وائرس ٹیسٹ اس اسپتال میں اب تک شروع نہیں کیا جاسکا،ہم اپنے طور پر جو کچھ ممکن ہوسکا کررہے ہیں، میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاط کریں، ماسک لازمی طور پر پہنیں، ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور کوشش کریںکہ ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ برقرار رہے، انہوں نے کہاکہ شہری سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والی من گھڑت خبروں پر یقین نہ کریں اور دوسرے لوگوں کو بھی یہ بات سمجھائیں، انہوں نے کہا کہ ہم ایسی صورت میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرسکتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ باہمی اتحا د اور امن و امان کی صورتحال کو خراب نہ ہونے دیں اور ایک دوسرے کی مدد کو اپنا شعار بنائیں، میئر کراچی نے کہا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں ہے پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور معاشی اور سماجی مشکلات کا شکار ہے، ہمیں بھی اس کا مقابلہ کرنا ہے اور قوم کو اس صورتحال سے نکلنا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ وقت مشکل ضرور ہے لیکن ہر مشکل کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے آسانی رکھی ہے ، شہری اپنی تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز رکھیں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔