سوئی سدرن گیس کمپنی صارفین کے میٹر جلد سے جلد لگائے، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن

پیر 1 جون 2020 19:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) سوئی سدرن گیس کمپنی کنٹریکٹر ایسویسی ایشن نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ سندھ بھر میں صارفین کے کمپنی کی جانب سے منظور ہونے والے کمرشل، ڈومیسٹک گیس کنکشنزکے لئے میٹر جلد سے جلد لگائے جائیں منظور ہونے والے گیس کنکشنز کی آر ٹی ون سلپ آئے ہوئے چھ ماہ سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے اس کے باوجود صارفین کو میٹر فراہم نہ کرنا صارفین کے ساتھ زیادتی ہے۔

ایس ایس جی سی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محسن علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اب جبکہ ایس ایس جی سی کے ریکوری اور سی آر ڈی ڈپارٹمنٹ اپنا کام کر رہے ہیں اور ان کی گاڑیاں چل رہی ہیں تو کمپنی کو چاہئے کہ جن صارفین کے گیس کے میٹر لگانے کے لئے بھی گاڑیاں چلائی جائیںتاکہ صارفین جلد گیس کی سہولت حاصل کرسکیں انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز پر صارفین کا دبائو ہے کہ انہیں جلد سے جلد میٹر کی سہولت فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایک کنٹریکٹر کے پاس 15لوگوں کی ٹیم ہوتی ہے جس میں ایس ایس جی سپروائزر، فٹر، ہیلپر اور آفس اسٹاف ہوتا ہے اور تمام عملہ ایس ایس جی سی سے تربیت یافتہ ہوتا ہے اور کمپنی سے رجسٹرڈ ہونے کے بعد عملہ کنٹریکٹرز کے لئے کام کرتا ہے لاک ڈائون کے باعث کمپنی میں کام بند ہونے کی وجہ سے کنٹریکٹرز بھی کمپنی نہیں آ پا رہے تھے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے لئے نئے کنکشنز کھولے جانے کے ساتھ ساتھ التوا کا شکار آر ٹی ون جو ہزاروں کی تعداد میں ہیں انہیں اپروو کیا جائے اور جلد سے جلد میٹر لگوائے جائیں