پیپلز پارٹی شہید بھٹو ضلع جیکب آباد کی جانب سے پارٹی سربراہ محترمہ غنوی بھٹو کی 58ویں سالگرہ منائی گئی

پیر 1 جون 2020 19:05

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) پیپلز پارٹی شہید بھٹو ضلع جیکب آباد کی جانب سے پارٹی سربراہ محترمہ غنوی بھٹو کی 58ویں سالگرہ ضلع دفتر میں ضلعی صدر ندیم قریشی کی صدارت میں منائی گئی جس میں ریاض لاشاری،سید انعام شاہ ،نثار ٹانوری،بابو شاہ ،نظیر لاشاری ،محمد علی ،نگار بروہی اور دیگر نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ندیم قریشی نے کہا کہ جیکب آباد کے شہریوں کو یو ایس ایڈ کی جانب سے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ دیا گیا جو کئی سال گذرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا ہے جس کے باعث شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے جب تک ایم ایس ڈی پی کے کرپٹ عملے کے خلاف قانونی کاروائی نہیں کی جائے گی عوام کو پانی ملنا ناممکن ہے انہوں نے مزید کہا کہ پینے کے پانی پر پہلے سیاست ہو رہی تھی مگر اب کچھ عناصر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر سیاست کررہے ہیں خدارا شہر کی مظلوم عوام پر رحم کریں 52درجہ حرارت کی گرمی میںشہریوں کا کیا حال ہو گا احساس کیا جائے ۔