وزارت فوڈ سکیورٹی، محکمہ زراعت اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف بھرپور سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں،

اب تک 238399 اسکوائر کلومیٹر رقبہ پر سروے، 4967 مربع کلو میٹر رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے، نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر

پیر 1 جون 2020 20:34

اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) وزارت فوڈ سکیورٹی، محکمہ زراعت اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف بھرپور سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں، 52 متاثرہ اضلاع میں 1100 سے زائد مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں، اب تک 238399 اسکوائر کلومیٹر (تقریباً 2.4 کروڑ ہیکٹر) رقبہ پر سروے کیا جا چکا ہے جبکہ 4967 مربع کلو میٹر (تقریباً 496700 ہیکٹر) رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔

پیر کو نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کی جاری تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 108647 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 2 اضلاع (میانوالی اور ڈی جی خان) میں ٹڈی دل کی موجودگی کی صورت میں 116 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔

(جاری ہے)

اِس آپریشن میں 2100 سے زائد افراد اور 200 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اب تک صوبہ بھر کے 36 اضلاع میں 7936384 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 173936 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔

صوبہ سندھ میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 73,462 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 7 اضلاع (نوشہروفیروز، جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، کشمور، خیر پور اور شکارپور) میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 572 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ اِس آپریشن میں387 افراد (بشمول پاک فوج) پر مشتمل 35ٹیموں اور 60 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ صوبہ بھر میں اب تک 3126604 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 38672 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 74125 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 9 اضلاع (ڈی آئی خان، ٹانک، ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی اور خیبر) میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 974 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ اِس آپریشن میں 900 سے زائد افراد (بشمول پاک فوج) پر مشتمل 80 ٹیموں اور 100 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔

صوبہ بھر میں اب تک 3264629 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 40337 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔ صوبہ بلوچستان میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 115249 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 33 اضلاع (خضدار، آوران، نوشکی، چاغی، گوادر، لسبیلہ، کیچ، پنجگور، خاران، واشک، کوئٹہ، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، ڈکی، ہرنائی، جعفرآباد، جھل مگسی، بولان، قلات، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللی، کوہلو، لورالائی، مستونگ، موسیٰ خیل، نصیر آباد، پشین، سبی، سراب، صحبت پور، ژوب اور زیارت)میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 3827 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔

اِس آپریشن میں تقریباً 1200 سے زائدافراد اور 100 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اب تک صوبہ بھر میں 8895914 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 281372 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔ کنٹرول آپریشن کے دوران ٹڈی دل کے مؤثر تدارک کے لیے ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ایریل اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ غیر روایتی طریقوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔کاشتکار حضرات ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع دینے اور مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے نمبرز 051-9274980-2، 051-111222999 اور موبائل 0320-5800120-4 پر کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔