لالہ موسیٰ، آن لائن کتوں کی خرید و فروخت کے دوران فراڈ کرنیوالا گروہ گرفتار

پیر 1 جون 2020 20:54

لالہ موسیٰ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) او ایل ایکس پر آن لائن کتوں کی خرید و فروخت کے دوران فراڈ کرنیوالے گروہ کا انکشاف پولیس نے چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کے کتے برآمد کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق او ایل ایکس پر لاہور اور پشاور سمیت مختلف اضلاع کے رہائشی لوگوں کی جانب سے لاکھوں روپے مالیت کے مختلف نسلوں کے کتے اور انکے بچے فروخت کرنیوالوں کو گاہک بن کر اپنے جال میں پھنسانے والے گروہ کی گجرات موجودگی کی اطلاع ملنے پر نواحی گاؤں مدینہ سیداں میں ایس ایچ او فراست چٹھہ نے علی رضا عر ف ٹیپو کے ڈیرہ پر چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کے دو کتے برآمد کر لیے۔

پولیس کے مطابق گینگ کے سرغنہ علی رضا عرف ٹیپو نے جسم پرٹیٹو بنوا کر یورپی حلیہ بنا رکھا ہے جو آن لائن کتے، موبائل خریداری کا جھانسہ دیکر دوسرے اضلاع سے لوگوں کی اشیاء خریداری کے بہانے انہیں گجرات بلا کر لوٹ لیتا اسکے خلاف ڈکیتی، فائرنگ سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات بھی درج ہیں، اب لوگوں کو لوٹنے کیلئے او ایل ایکس کا سہارا لے رکھا ہے جو لوگوں سے رابطے کیلئے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور فیک نمبروں کے ذریعے رابطہ کرتا اور پھر انہیں جال میں پھنسا لیتا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے دو روز قبل رحمان پورہ لاہورکے رہائشی محمد ندیم، ہاشم اور پشاور کے رہائشیوں سے جرمن نسل کے کتے چھین لیے۔ اس گینگ میں کئی ٹیکنکل اور بااثر لوگ بھی شامل ہیں جنہیں جلد از جلد گرفتا رکر لیاجائیگا۔ دریں اثناء پولیس نے ڈیرے سے دو خواتین سمیت 3افراد کو حراست میں لیا جبکہ دو ایل سی ڈی، موٹر سائیکل، لیپ ٹاپ، موبائل، منشیات، اعلیٰ نسلوں کے کتوں سمیت دیگر مال بھی قبضہ میں لیکر تحقیقات شروع کر دیں۔