کورونا وائرس سے متعلق نئی حکمت عملی کیلئے سفارشات کی تیاری کیلئے اجلاس

صوبائی وزراء راجہ بشارت،ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال ، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی شرکت عوام کے معاشی تحفظ کیلئے لگژری کی بجائے اکانومی بیسڈ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

پیر 1 جون 2020 21:25

لاہور۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) 31مئی کے بعد کورونا وائرس سے متعلق نئی حکمت عملی کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس چیف سیکرٹری کیمپ آفس میں منعقد ہوا ،جس میں عوام کو مہلک وباء سے محفوظ رکھنے کیساتھ ساتھ معاشی تحفظ فراہم کرنے کیلئے لگژری کی بجائے اکانومی بیسڈ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال ، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔شرکاء نے مختلف صنعتوں ،کاروباروںکے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیوں سے متعلق تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا اوراتفاق رائے سے سفارشات کو حتمی شکل دی۔ اجلاس میں میو ہسپتال لاہور میں ایک کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جو شہرکے تمام ہسپتالوں سے منسلک ہوگا تاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کو بلا تاخیر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

24گھنٹے کام کرنے والے اس کنٹرول روم سے نئے مریضوں کو مرکزی ڈیٹا کی بنیاد پر شہر کے ہسپتالوں میں گنجائش اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی بارے فوری معلومات فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ی) سے فوری طور پر 200وینٹی لیٹرز فراہم کرنے کی درخواست کی جائیگی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نبیل اعوان نے بتایا کہ 1500وینٹی لیٹرز کی فراہمی سے متعلق درخواست پہلے ہی بھجوائی جا چکی ہے۔ اجلاس میں کوویڈ 19کے سلسلے میں عوامی آگاہی مہم شروع کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے ایکسپو سینٹر میں 50سپیشل بیڈز بھی لگائے جائیں گے۔