وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان اور وفاقی وزیر اسد عمر کی ملاقات

پیر 1 جون 2020 21:57

مظفرآباد۔اسلام آباد یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات اسد عمر کی ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کورونا کی وباء کے پیش نظر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو زیادہ سہولیات دینے کی کوشش کرینگے۔

آزادکشمیر کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر نے کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے جس کی وجہ سے اس کا پھیلائو کافی حد تک کنٹرول رہا ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت کورونا کی وباء کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا رہاہے اور ڈومیسائل کے قوانین میں تبدیلی کرکے ہندوئو ں کوباہر سے مقبوضہ کشمیر لاکر بسایا جارہاہے تا کہ وہاں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر سکے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کے ناپاک عزائم کا نوٹس لے اور عالمی دنیا کو خبردار کرے کہ بھارت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات خطے کوتباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے ملکر حکمت عملی اپنانا ہو گی ۔