مصر کے شمالی علاقے جزیرہ سینا میں فوج کی جنگجوں سے جھڑپ، 24 ہلاک

جنگجوں کے قبضے سے خودکار رائفلز، دستی بم اور راکٹ بھی برآمد کرلیے گئے،پانچ مصری فوجی بھی مارے گئے،ترجمان

پیر 1 جون 2020 22:04

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2020ء) مصر کے شمالی علاقے جزیرہ سینا میں فوج اورجنگجوں کے درمیان جھڑپ میں 5 سپاہیوں سمیت 24 افراد ہلاک ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصری فوج نے ویڈیو بیان میں کہا کہ گزشتہ ہفتے بیرالعبد، رفاہ اور شیخ زوید میں حملے ہوئے تھے اور اسی حوالے سے کارروائی کے دوران جنگجوں سے جھڑپ ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ جھڑپ میں 19 جنگجو مارے گئے اور فوج کا بھی جانی نقصان ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کی کارروائی میں مارے گئے جنگجوں میں تین انتہائی خطرناک تھے جبکہ دیگر 16 دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں چھپے ہوئے تھے۔مصری فوج کے مطابق جنگجوں کے قبضے سے خودکار رائفلز، دستی بم اور راکٹ بھی برآمد کرلیے گئے ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جھڑپ میں دو افسر اور 2 فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ایک اور عہدیدار کا کہنا تھا کہ فوجی قافلے کی گاڑی دھماکا خیز مواد سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک کرنل سمیت 2 افسران اور 3 فوجی مارے گئے۔

مصر کے جزیرہ سینا میں ہونے والی ان کارروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔فوج کے ترجمان نے 4 مئی کو ایک بیان میں کہا تھا کہ جزیرہ سینا میں آپریشن کے دوران 126 جنگجو اور 15 فوجی بھی مارے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ فوج نے چند دنوں میں ایام میں جزیرہ سینا کے وسطی اور شمالی علاقوں میں 22 چھاپے اور 16 آپریشن کیے جس کے نتیجے میں 126 جنگجو ہلاک ہوئے ۔

فوجی ترجمان نے کہا تھا کہ جنگجووں سے جھڑپوں کے دوران 15 فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جبکہ جنگجوں کی 228 پناہ گاہوں کو فضائی کارروائی میں تباہ کردیا گیا۔انہوں نے دعوی کیا تھا کہ 226 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سینا کا علاقہ طویل عرصے سے بدامنی کا شکار ہے جہاں داعش کا مقامی مسلح گروپ موجود تھا جس نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سینا میں جھڑپوں میں 2013 میں سابق صدر محمد مرسی کی حکومت کو ختم کرکے فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتح السیسی کے برسر اقتدار میں آنے کے بعد تیزی آئی ہے۔حکومت نے فروری 2018 میں ملک بھر میں آپریشن شروع کردیا تھا اور شمالی سینا پر زیادہ توجہ دی گئی تھی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سینا میں اب تک ہونے والی کارروائیوں اور جھڑپوں میں تقریبا 970 جنگجوں کو مارا گیا جبکہ درجنوں سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔۔