ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت,بابراعظم کو مصباح الحق کی مکمل حمایت حاصل

نوجوان بیٹسمین کی قائدانہ صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے ، انٹر نیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کی بہترا نداز میں رہنمائی کرینگے ،کپتانی نے انہیں ذمہ دار بلے باز بنادیا:ہیڈ کوچ

پیر 1 جون 2020 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2020ء) چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کرکٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بابر اعظم کے ٹیلنٹ اور قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے اور وہ انٹر نیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کو بہترانداز میں گائیڈ کریں گے ، کپتانی نے انہیں ایک ذمہ دار بیٹسمین بنا دیا ہے ۔

واضح رہے کہ سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے ایک روز قبل کہا تھا کہ بابر اعظم کپتانی کا دبا برداشت کرنے کے اہل نہیں ہے تاہم مصباح الحق ان کی بات سے اتفاق نہیں کرتے ۔ انہوں نے بابر اعظم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ 25سالہ بیٹسمین انٹر نیشنل کرکٹ میں امیدوں پر پورا اتر کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کپتانی کے بھرپور اہل ہیں۔

(جاری ہے)

مصباح الحق کے مطابق گزشتہ برس بابر اعظم کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان مقرر کرنا ایک تجربہ تھا جو کامیاب رہا ۔

یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ کپتان بننے کے بعد ان کی بیٹنگ پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے تاہم بابر اعظم نے توقعات اور قیادت کے دبا کو بخوبی ہینڈل کیا جبکہ بیٹنگ اور کپتانی میں توازن رکھا ۔ان کا کہنا تھا کہ قیادت کی ذمہ داری کے باوجود دورہ آسٹریلیا میں نظر آیا کہ بابر اعظم کی بیٹنگ کا معیار مزید بہترہوا ،اسلئے گرانٹ فلاور کی بات میں وزن نہیں اور انکے بیان سے اتفاق نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

مصباح الحق کے مطابق ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت بابر اعظم نے اچھی طرح سنبھالی اور اسی لئے فیصلہ کیا گیا کہ ان کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بھی بنا دیا جائے ، وہ نا صرف کپتانی کے چیلنج کیلئے تیار ہیں بلکہ دنیا کے ٹاپ بیٹسمین بننے کیلئے بھی بھرپور کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بابراعظم ہی گرین شرٹس کی قیادت کیلئے موزوں ترین کھلاڑی ہیں اور امید ہے کہ وہ دیگر کھلاڑیوں کیلئے مثال ثابت ہوں گے ، ان کیلئے میچوں میں بڑے فیصلے لینا بھی آسان ہے کیونکہ امید ہے دیگر کھلاڑی ان کے اچھے کھیل کی وجہ سے ان کی ہدایات پر عمل کرینگے ۔ ۔