پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند،ٹیکسز میںبھی کمی کی جائے : آل پاکستان انجمن تاجران

پالیسی ریٹ میں بھی مزید کمی لائی جائے ،آئندہ بجٹ میں نئے ٹیکسز عائد نہ کئے جائیں: اشرف بھٹی

پیر 1 جون 2020 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2020ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرنا خوش آئند ہے ،حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز میںبھی کمی کرے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میںپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی سے عوام کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی لیکن حکومت سے مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز کی شرح کوبھی کم کرے تا کہ عوام حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کو ہر وہ اقدام اٹھانا چاہیے جس سے معیشت کا پہیہ چلے ، پالیسی ریٹ میں بھی مزید کمی لائی جائے تاکہ مارکیٹ میں سرمایہ میسر آ سکے ، موجودہ حالات میں پالیسی ریٹ کو کم از کم 5فیصد پر لایا جائے تاکہ مارکیٹ سے سرمائے کی قلت ختم ہو سکے ۔انہوںنے مزید کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں نئے ٹیکسز کے نفاذ کی بجائے ٹیکسز کی تعداد اور شرح میں کمی کر ے اور نئے ٹیکس گزاروں کو نیٹ میں لانے کی پالیسی لائے۔

متعلقہ عنوان :