عوام حکمرانوں کے تضادات سے پریشان ہیں ‘ محمد فائق شاہ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند مگر عوام کو ریلیف نہ ملنا افسوس ناک ہے‘ چیئرمین امن ترقی پارٹی

پیر 1 جون 2020 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2020ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو اس کی کمی کا نہ پہلے فائدہ پہنچا اور نہ اب امید ہے کیونکہ ائیر لائن، ریلوے کے کرایوں میں کمی نہیں لائی گئی جبکہ بجلی، پبلک ٹرانسپورٹ، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔

روٹی دال بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہیں ہر حکمران عوام کی بھلائی نہیں سوچتا ۔ دوسری طرف کورونا بحران میں بے روزگاری انتہا کو پہنچ گئی ہے ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں حکومتیں، وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء اپنے مفادات، سیاست اور چینی، آٹا اور دیگر اشیاء میں صرف دولت اکٹھی کر رہے ہیں، ڈاکٹرز سمیت مریض ہسپتالوں میں مر رہے ہیں باقی غربت کی چکی میں پستے جا رہے ہیں، پالیسی ساز شو پیس بن کر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

محمد فائق شاہ نے کہا کہ امن ترقی پارٹی سخت احتجاج پر مجبور ہو گی ۔ فوراً پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے ۔ سخت ایس او پیز بناکر کورونا حفاظت کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے سندھ اور وفاق کی لڑائی کو اس بحران میں خطرناک قرار دیا اور کہا کہ اس مشکل گھڑی میں سیاست نہ کی جائے۔