سعودی عرب میں 74 فیصد کرونا مریض صحتیاب ہوگئے

مزید 1864مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مملکت میں ایکٹیو کیسز کی تعداد صرف 22 ہزار رہ گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 1 جون 2020 19:57

سعودی عرب میں 74 فیصد کرونا مریض صحتیاب ہوگئے
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جون2020ء) سعودی عرب میں 74 فیصد کرونا مریض صحتیاب ہوگئے، اعدادوشمار کے مطابق کورونا کے مزید 1864مریضوں کے صحتیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 64ہزار306 ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ آج مملکت میں پچھلے 24 گھنٹے میں صرف 1864 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق سعودی حکومت بروقت اور بہترین انتہائی اقدامات کے باعث کورونا وائرس کا پھیلاؤ کنٹرول کرنے میں کامیابی کی جانب رواں دواں ہے۔

حکومتی پالیسیوں کے باعث جہاں کورونامریضوں کی یومیہ تعداد میں کمی ہوگئی ہے، وہاں ہسپتالوں میں بہترین سہولیات اور ٹیسٹنگ میں اضافے سے کورونا مریضوں میں صحت یابی کا تناسب بھی بڑھ گیا ہے۔ نئے اعدادوشمار کے تحت سعودی عرب میں 1881 نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

جس سے کورونا مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 87 ہزار 142 ہوگئی ہے۔

جبکہ مملکت میں ایکٹیو کیسز کی تعداد صرف 22 ہزار311 رہ گئی ہے جن میں سے 384مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی ہے جس کے بعد متعددکاروباری مراکز کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم سماجی فاصلے سے متعلق ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت کی جانب سے حرمین ٹرین سروس دوبارہ شروع کی جا رہی ہی. جس پر لوگوں کی جانب سے بہت خوشی کا اظہار کیا گیا تھا تاہم حرمین ٹرین کی انتظامیہ کی جانب سے ان خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فی الحال حرمین ٹرین نہیں چلائی جا رہی یہ ٹرین سروس اب ستمبر 2020 میں چلائی جائے گی اور اس میں سیٹوں کی گنجائش بڑھا کر زیادہ مسافروں کو سفری سہرلت فراہم کی جائے گی۔اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ سفر کو مزید آرام دہ بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے۔ اگست میں حرمین ٹرین کی بکنگ کا اعلان کیا جائے گا۔