وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کا کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی تیا ری کے لئے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور

اجتماعی کوششوں کے بغیر ہم کورونا کے خلاف نہیں لڑ سکتے،پاکستان کووڈ۔19کے حوالہ سے ریسرچ ، ویکسین اور ادویات کی تیاری اور ٹیسٹنگ ری ایجینٹس کے لئے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے، موجودہ بحران کے مقابلہ کے لئے ہمیں علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا چاہیے،وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

پیر 1 جون 2020 22:52

اسلام آباد۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی تیا ری کے لئے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اجتماعی کوششوں کے بغیر ہم کورونا کے خلاف نہیں لڑ سکتے، پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کووڈ۔19کے خلاف عالمی تعاون کی اہمیت اجاگر کی انہوںنے کہ پاکستان کووڈ۔

19کے حوالہ سے ریسرچ ، ویکسین اور ادویات کی تیاری اور ٹیسٹنگ ری ایجینٹس کے لئے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کے مقابلہ کے لئے ہمیں علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ ایک سوال پر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ویکسین کی تیاری ابتدائی مرحلہ میں ہے اور ویکسین تیار ہونے کے بعد بڑا مرحلہ اس کی بڑے پیمانے پر تیاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ تنہا کوئی ایک ملک ویکسین تیار نہیں کرسکتا جس کے لئے عالمی تعاون ضروری ہے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ سال ستمبر یا اکتوبر تک ویکسین تیار کرلی جائے گی۔ انہوںنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایس اوپیز پر عمل کریں ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت دنیا کے 64 ریسرچ گروپ عالمی وباء سے نمٹنے کے لئے تحقیق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ دنیا کی ہر حکومت کورونا کے پھیلائو کے لئے موئثر اقدامات کر رہی ہے اس سلسلہ میں ہماری حکومت بھی جامع اقدامات کر رہی ہے ، علاوہ ازیں ملک کے تعلیمی نظام میں ڈیجیٹلائزیشن کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔