حیدر آباد شہر میں جاری اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،اوور بلنگ ، ڈیڈکشن بلنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے، ارکان اسمبلی ایم کیو ایم

پیر 1 جون 2020 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) ایم کیو ایم کے حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی ،صلاح الدین ،راشد خلجی ،ندیم صدیقی اور ناصر حسین قریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ حیدر آباد شہر میں جاری اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،اوور بلنگ ، ڈیڈکشن بلنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام شدید گرمی میں سکون کا سانس لیے سکیں، سندھ حکومت نے ایک جانب بلدیاتی اداروں کو مفلوج کردیا ہے تو دوسری جانب وہ بلدیہ اعلی حیدر آباد کی آمدنی چھیننے اور جعلی ڈومسائل پر حیدر آباد کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمت سے محروم کررہی ہے، ستم بالاستم کوٹہ سسٹم رائج کرنے والوں نے کورونا وائرس کی پابندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صرف شہری علاقوں کے تاجروں کا معاشی قتل عام کیا جو انتہائی قابل مذمت ہے ہم ارباب اختیار سے عوام دشمنی اقدامات پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت میں شامل ایم کیو ایم پاکستان کے حیدرآباد سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ حیدر آباد شہر میں جاری اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،اوور بلنگ ، ڈیڈکشن بلنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام شدید گرمی میں سکون کا سانس لیے سکیں ۔انہوں نے کہاکہ حیسکو انتظامیہ کی نااہلی اور کرپشن کے باعث شہر میں بوسیدہ تاروں ، پول اور ٹرانسفارمرعوام کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں ہے ۔

ا نہوںنے کہاکہ حیسکو انتظامیہ کی زیادتی کے ساتھ ساتھ محکمہ گیس نے بھی حیدر آباد میں شہریوں کو پریشان کرنا شروع کردیا ہے نئے کنکشن کا حصول ہو یا پر یشر کی کمی ہو عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے دربدر کی ٹھوکر اور ارباب اختیار چین کی بانسری بجارہے ہیں ۔ ا نہوں نے کہاکہ حیسکو اور محکمہ گیس کی انتظامیہ اپنا قبلہ درست کریں ورنہ عوام کیساتھ ملکر ہم انکا محاسبہ کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ جہاں حیدر آباد شہر میں حیسکو انتظامیہ عوامی دشمنی کے اقدامات کررہی ہے وہاں سندھ حکومت کا کردار بھی انتہائی افسوسناک ہے، انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے ایک جانب بلدیاتی اداروں کو مفلوج کردیا ہے تو دوسری جانب وہ بلدیہ اعلی حیدر آباد کی آمدنی چھینے اور جعلی ڈومسائل پر حیدر آباد کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمت سے محروم کررہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کی ملکیت ٹھنڈی سڑک سروے نمبر 322سندھ پبلک سروس کمیشن پلاٹ،ہالا نا کہ بس اسٹاپ،عید گاہ ، رانی باغ ، نیاز اسٹیڈ یم ، واپڈا گرائونڈ ،میونسپل ہائی اسکول حسین آباد،حسرت موہانی لائبریر ی ( ہوم اسٹیڈ ہال ) ایکسپوسینٹرپر سند ھ حکومت کے اداروں کا قبضہ یقینا عوام کو میونسپل سروسز کی راہ میں روکاوٹ ہے بلکہ سندھ حکومت کے ایماء پر ایچ ایم سی سے روڑ کٹنگ فیس کے اختیارات بھی لے لیں گئے ہیں، انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ و دیگر اندرون سندھ سے کراچی اور حیدر آباد میں پولیس و دیگر محکموں میں تعیناتی شہری عوام س کو انکے حق سے محروم رکھنا اور ا ن سے نفرت کا اظہار ہے، انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی تعصبانہ پالسیوں کی بدولت حیدر آباد و دیگر شہری علاقوں کے نوجوانوں میں نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے جو یقیناسندھ کی پر امن فضاء کو خراب کرنے کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ستم بالاستم کوٹہ سسٹم رائج کرنے والوں نے کورونا وائرس کی پابندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صرف شہری علاقوں کے تاجروں کا معاشی قتل عام کیا جو انتہائی قابل مذمت ہے ہم ارباب اختیار سے عوام دشمنی اقدامات پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔