عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے کمزور پڑنے کے دعوے مسترد کر دیے

اطالوی ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس اب پہلے جیسا جان لیوا نہیں رہا، کورونا کی دوسری لہر کا انتباہ اٹلی میں غیرضروری خوف پھیلانے کا باعث بن رہا ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 2 جون 2020 06:39

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے کمزور پڑنے کے دعوے مسترد کر دیے
جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2020ء) عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے کمزور پڑنے کے دعوے مسترد کر دیے۔ اطالوی ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس اب پہلے جیسا جان لیوا نہیں رہا، کورونا کی دوسری لہر کا انتباہ اٹلی میں غیرضروری خوف پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی شدت میں کمی اور وائرس کے کمزور پڑ جانے سے متعلق تمام تر دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بات کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں کہ کورونا وائرس اب جان لیوا نہیں رہا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی وبائی امراض کی ماہر ماریا وین کیرکوف کا کہنا ہے کہ وائرس کے منتقل ہونے کی اہلیت کے اعتبار سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ شدت کے لحاظ سے بھی اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ہے۔

 
واضح رہے کہ کہ اٹلی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس اب اتنا جان لیوا نہیں رہا جتنا عالمی وبا کے آغاز پر تھا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میلان کے سین ریفائل اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر البرٹو زینگریلو نے ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ طبی لحاظ سے یہ وائرس اب اٹلی میں موجود نہیں۔

انہوں نے اطالوی حکومت پر لاک ڈاؤن کی پابندیاں اٹھانے کے عمل کو جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وائرس کی دوسری لہر کا انتباہ اٹلی میں غیرضروری خوف پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔ خیال رہے کہ میلان اٹلی کے خطے لمبارڈی میں واقع ہے جو اس وبائی مرض سے بہت بری طرح متاثر ہوا تھا۔ شمال مغربی اٹلی کے شہر جینوا کے سان مارٹینو اسپتال کے وبائی امراض کے مرکز کے سربراہ میٹیو باسیٹی نے بھی ڈاکٹر البرٹو کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس اب اتنا جان لیوا نہیں رہا جتنا پہلے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وائرس کی جو طاقت 2 ماہ پہلے تھی وہ آج بہت کم رہ گئی ہے، یہ واضح ہے کہ آج کووڈ 19 کی بیماری پہلے سے مختلف ہے۔ دوسری جانب سے اٹلی کی وزیر صحت ساندرا زمپا کا بھی کہنا ہے کہ ان ڈاکٹروں کے دعوے کے حوالے سے شواہد ناکافی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہری سماجی دوری کی ہدایات پر عمل جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خیال کی حمایت کے لیے سائنسی شواہد اب تک سامنے نہیں آئے، وائرس اب غائب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اطالوی شہریوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ مکمل احتیاط کا مظاہر کرتے ہوئے جسمانی طور پر لوگوں سے دوری کو یقینی بنائیں، زیادہ افراد کے اجتماع سے گریز کریں، اپنے ہاتھوں کو اکثر دھوئیں اور ماسک پہنیں۔

متعلقہ عنوان :